رسائی کے لنکس

روس کی وزارتِ خارجہ نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے، توجہ دلائی ہے کہ پہلی بار ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ سفارت کار، ٹِلرسن کی میزبانی کی جائے گی

امریکی محکمہٴ خارجہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے اٹلی میں جی7 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد، وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن روس کا دورہ کریں گے۔

گیارہ اپریل کو اجلاس کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد، ٹِلرسن ماسکو روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے یوکرین، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور باہمی تعلقات کے بارے میں بات چیت کریں گے۔

ایک بیان میں، محکمہٴ خارجہ کے قائم مقام ترجمان، مارک ٹونر نے کہا ہے کہ ’’یہ دورہ اُن کوششوں کا ایک حصہ ہے جس میں اعلیٰ روسی اہل کاروں سے براہِ راست رابطے استوار کیے جائیں گے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امریکہ کے خیالات واضح طور پر پہنچ سکیں، جن میں مِنسک کے معاہدوں پر عمل درآمد کے اگلے اقدامات شامل ہیں‘‘۔

روس کی وزارتِ خارجہ نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے، توجہ دلائی ہے کہ پہلی بار ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ سفارت کار، ٹِلرسن کی میزبانی کی جائے گی۔

بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں اُن امور کی نشاندہی کی گئی جن پر ملاقات کے دوران گفتگو متوقع ہے، جن میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، شام، شمالی کوریا اور دیگر امور شامل ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یوکرین کی صورتِ حال کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، جب کہ کیوو کی جانب سے اس ضرورت پر زور دیا جائے گا کہ منسک معاہدوں کے تحت تمام ذمہ داریاں پوری کی جائیں‘‘۔

جی 7 کا اجلاس 9 سے 11 اپریل تک لوکا میں منعقد ہوگا، جو جی 7 سے پہلے ہو رہا ہے، جو اگلے ماہ ہوگا، جس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ سیمت دیگر سربراہان شرکت کریں گے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG