رسائی کے لنکس

زمین پر ہونے والی تبدیلیاں، ’ارتھ انجن‘ پر


’ارتھ انجن‘ نامی پروجیکٹ میں سیٹلائیٹ کے ذریعے حاصل کردہ اٹھائیس برس یا اس سے بھی زیادہ پرانی تصویروں کو شامل کیا گیا ہے۔

کبھی کبھی ماضی میں جا کر چیزوں کو دیکھنے سے صورتحال زیادہ واضح ہو جاتی ہے۔ اسی امر کو سامنے رکھتے ہوئے گوگل، امریکی ادارہ برائے ارضیاتی جائزہ اور ناسا نے مل کر ایک نئے پروجیکٹ میں ہماری دنیا کو ایک نئے انداز میں پیش کیا ہے۔ ایک ایسا انداز جس میں ہم نے اپنی دنیا کو پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

اس پروجیکٹ کو ’ارتھ انجن‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ میں سیٹلائیٹ کے ذریعے حاصل کردہ اٹھائیس برس یا اس سے بھی زیادہ پرانی تصویروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان تصویروں کو اکٹھا رکھا گیا ہے جس سے گذشتہ اتنے برسوں میں ہماری زمین میں آنے والی تبدیلیاں واضح طور پر دکھائی دے رہی ہیں، جیسا کہ شہروں کا پھیلاؤ، جنگلات میں کمی، خشک ہوتی جھیلیں اور پگھلتے برفانی تودے وغیرہ وغیرہ۔

Dubai, 1984 - 2012. Landsat imagery via Google.

Dubai, 1984 - 2012. Landsat imagery via Google.

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اس تحقیق کا آغاز ستر کی دہائی میں کیا تھا تاکہ یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ تغیر وقت اور انسانی سرگرمیوں سے زمین پر کیا اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ناسا کے اس مشن کو Landsat کا نام دیا گیا۔ اس مشن میں خلائی مدار میں گھومنے والی آٹھ سیٹلائیٹس کی مدد سے لاکھوں تصاویر حاصل کی گئیں۔

لیکن ان تصاویر سے عوامی سطح پر وہ نتائج نہیں حاصل ہو رہے تھے جس کی توقع تھی۔ ایک وجہ یہ تھی کہ ان تصاویر تک عام لوگوں کی رسائی نہیں تھی۔ 2008ء میں امریکی حکومت نے فیصلہ کیا کہ یہ تصاویر ہر کسی کی دسترس میں ہونی چاہیئے تاکہ جو بھی انہیں استعمال کرنا چاہتا ہے، بآسانی استعمال کر سکے۔ اسی موقعے پر انٹرنیٹ کے سرچ انجن گوگل نے ناسا کی مدد کرنے کی ٹھانی۔

گوگل نے 2009ء میں ناسا سے حاصل ہونے والی گذشتہ اٹھائیس برسوں کی 2،068،467 تصاویر کی چھانٹی شروع کی تاکہ بہترین کوالٹی کی تصویروں کو الگ کیا جائے۔ چھانٹی کے بعد گوگل نے یہ تصویریں کارنیگی میلن یونیورسٹی کی لیب میں پہنچائیں تاکہ ان کو ’آن لائن اینیمیشن‘ کی شکل دی جا سکے۔ آن لائن اینی میشن سے ان تصویروں کو ایسے اکٹھے رکھا گیا گویا فلم کی طرح منظر بدل رہے ہوں۔

Brazil's Amazon rainforest, 1984 - 2012. Landsat imagery via Google

Brazil's Amazon rainforest, 1984 - 2012. Landsat imagery via Google

لیکن اس اینیمیشن کے کچھ حد تک افسوسناک اور خوفناک نتائج سامنے آئے۔ برازیل کے مشہور ایمزون کے جنگلات کٹائی کی وجہ سے حجم میں سکڑتے اور قدرے بنجر دکھائی دئیے۔ دوسری طرف دوبئی میں ساحل ِ سمندر پر مصنوعی جزیرے آباد ہوئے دکھائی دئیے۔

’ارتھ انجن‘ پر جا کر آپ بھی اپنے علاقے، ملک یا دنیا کے کسی بھی ملک اور خطے کے بارے میں جان سکتے ہیں اور معلوم کر سکتے ہیں کہ انسانی سرگرمیاں کس طرح سے ہماری زمین پر اثر انداز ہوتی رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG