رسائی کے لنکس

ٹائٹینک کا تھری ڈی ورژن بھی کامیاب، 47 لاکھ ڈالرز کا ریکارڈ بزنس


رومانوی فلمیں ہمیشہ سے بنتی اور شائقین میں مقبولیت حاصل کرتی چلی آئی ہیں لیکن جو شہرت اور مقبولیت ”ٹائٹینک“ کے حصے میں آئی ہے اس کی ایک الگ ہی تاریخ ہے۔ اس فلم کے قدر دارن ہر جگہ موجود ہیں ۔ پاکستان میں بھی اس کے متوالوں کی کوئی کمی نہیں ۔

فلم کی مقبولیت کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ 1997ء میں پہلی مرتبہ ریلیز ہونے والی فلم کا رواں ہفتے ہی پاکستان سمیت دینا بھر میں تھری ڈی ورژن ریلیز کیا گیا ہے ۔ اس ورژن کی ریلیز سے قبل فلمی پنڈتوں کا خیال تھا کہ پندرہ برس کا عرصہ گزر جانے کے بعد تھری ڈی ورژن کو شاید وہ کامیابی نہ مل پائے جو پہلی دفعہ فلم کا نصیب بنی تھی لیکن ان کے سارے اندازے غلط ثابت ہوئے اور دنیا بھر کے فلم بینوں نے ایک بار پھر ”ٹائٹینک“ کا والہانہ انداز میں استقبال کیاہے۔

”ٹائٹینک“کے نئے ورژن کو ریلیز ہوئے ابھی پانچ ہی دن ہوئے ہیں لیکن پاکستان میں اس فلم کو ریلیز کرنیوالے ادارے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے مالک ندیم مانڈوی والا کے مطابق فلم نے ابتدائی دنوں میں ہی 47لاکھ ڈالرز کا بزنس کرلیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ تھری ڈی ورژن باکس آفس پر نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔

”ٹائٹینک“ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ شہرہ آفاق فلم ”گون ودھ دی ونڈ“ کے بعد سب سے خوبصورت رومانوی فلم ہے۔”ٹائٹینک “ کے پہلے ورژن نے دنیا بھر میں اٹھارہ لاکھ ڈالرز کا منافع کمایا تھا جبکہ اسی فلم کے تھری ڈی ورژن کی تیاری پر اتنی ہی رقم خرچ ہوئی ہے ۔فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے فلمسازوں کو امید ہے کہ نیا ورژن اپنی لاگت سے کہیں زیادہ منافع حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

ایکسپریس ٹریبون کی ایک رپورٹ کے مطابق ندیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پاکستانی سنسر بورڈ نے فلم کے کچھ بولڈ مناظر ایڈیٹ کردیئے ہیں لیکن بھارت میں اس کے بالکل برعکس1997میں جن مناظر کو نکال دیا گیا تھا تھری ڈی ورژن میں یہ تمام سین موجود ہیں یعنی انہیں سنسر بورڈ نے بغیر کسی اعتراض کے پاس کردیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG