رسائی کے لنکس

ٹام کروز کا اپنی شادی کی ناکامی پر اظہار ِخیال


ٹام کروز نے تسلیم کیا کہ ان کے لیے کیٹی ہومز کی جانب سے پانچ سالہ رفاقت کو ختم کرنے کے لیےطلاق کا مطالبہ حیران کن تھا۔

ہالی وڈ کے دو مشہور ستاروں ٹام کروز اور کیٹی ہومز کے ملن اور اچانک علحیدگی کی خبروں نے ان کے چاہنے والوں کو حیران کر دیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے جب ہالی وڈ کے مقبول اداکار اور فلم مشن امپاسبل کے ایکشن ہیرو ٹام کروز نے کیٹی ہومز سے علیحدگی پر اظہار ِخیال کیا ہے۔

وہ ان دنوں اپنی نئی سائے فائے فلم 'اوبلیوین ' کی تشہیر کے لیے یورپ کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے ایک جرمن ٹی وی پر اپنی شادی کی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، ''انہیں اس بات کی بالکل توقع نہیں تھی۔''

34 سالہ کیٹی ہومز نے گذشتہ برس اپنی شادی کے اختتام کا اعلان اس وقت کیا تھا جب ٹام کروز کی پچاسویں سالگرہ میں صرف 5 روز باقی تھے۔

ٹام کروز نے تسلیم کیا کہ ان کے لیے کیٹی ہومز کی جانب سے پانچ سالہ رفاقت کو ختم کرنے کے لیےطلاق کا مطالبہ حیران کن تھا۔

انہوں نے جرمن ٹی وی 'پرو سیابن' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، ''زندگی کسی مقابلے سے کم نہیں ہے، اس وقت جب آپ کی عمر 50 برس ہو اور آپ یہ سوچنے لگیں کہ اب آپ نے اپنی زندگی میں سب کچھ حاصل کر لیا ہے تب ہی زندگی آپ کو کسی گہرے دکھ سے دوچار کر دیتی ہے شاید یہ ہی زندگی کا اصول ہے۔''

ٹام کروز کا مزید کہنا تھا کہ''زندگی ایک دکھی اور مزاحیہ کہانی ہے جسے سمجھنے کے لیے مزاح کی حس کا ہونا بہت ضروری ہے۔''

جبکہ ان کا کہنا تھا کہ اس دکھ سے ابھرنے میں انہیں ان کی فلمی مصروفیات نے بہت مدد فراہم کی البتہ ان کے پاس اس رشتے کی ان گنت اچھی یادیں موجود ہیں۔

ٹم کروز اور کیٹی ہومز نے ایک زبردست معاشقے کے بعد 2006ء میں اٹلی میں شادی کی تھی۔ ان کی ایک چھ سال کی بیٹی سوری ہے جو کیٹی مومز کے ساتھ نیویارک میں رہتی ہے۔
XS
SM
MD
LG