رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: ٹونی ایبٹ نے وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھال لیا


ٹونی ایبٹ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ (فائل فوٹو)
ٹونی ایبٹ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ (فائل فوٹو)

لبرل نیشنل کوئیلیشن کے 55 سالہ سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ بطور وزیرِ اعظم اُن کا دفتر میں پہلا دن ’’محض رسمی نہیں بلکہ یہ کام کرنے کا دن ہے‘‘۔

قدامت پرست رہنما ٹونی ایبٹ نے آسٹریلیا کے نئے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا ہے، جس کے بعد لیبر پارٹی کی مخلوط حکومتوں کا چھ سالہ دور ختم ہو گیا۔

سات ستمبر کے انتخابات میں سابق وزیرِ اعظم کیون رڈ کو شکست دینے والے مسٹر ایبٹ نے کینبرا میں گورنمنٹ ہاؤس میں بدھ کو اس عہدے کا حلف اُٹھا۔

لبرل نیشنل کوئیلیشن کے 55 سالہ سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ بطور وزیرِ اعظم اُن کا دفتر میں پہلا دن ’’محض رسمی نہیں بلکہ یہ کام کرنے کا دن ہے‘‘۔ اُنھوں نے متعلقہ اُمور سے نبرد آزما ہونے کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کا عہد بھی کیا۔

مسٹر ایبٹ کے بقول اُن کے ایجنڈا میں پہلا موضوع کاربن ٹیکس کا خاتمہ ہے۔ یہ ٹیکس آسٹریلیا میں آلودگی کا باعث بنے والی کمپنیوں پر عائد کیا جاتا ہے۔

انسانی عوامل کے ماحولیاتی تبدیلی پر اثرات کے حوالے سے اختلاف رائے رکھنے والے مسٹر ایبٹ ٹیکس کے نفاذ کے بجائے کمپنیوں کو توانائی کے موثر استعمال کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

مزید برآں نئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ آسٹریلوی بحریہ پناہ کے متلاشی افراد کی کشتیوں کو واپس بھیجنے کا عمل فی الفور شروع کر دے گی۔ یہ عمل اُس متنازع منصوبے کے تحت کیا جائے گا جس کا مقصد تارکین وطن کی آسٹریلیا آمد میں کمی لانا ہے۔
XS
SM
MD
LG