رسائی کے لنکس

تجارت کے فروغ کا ایجنڈا، صدر اوباما کی کوسٹا ریکا آمد


صدر اوباما جمعے کی شام میکسیکو سے کوسٹا ریکا کے دارالحکومت سان ہوزے پہنچے، جہاں اُنھوں نے میکسیکو کے اپنے ہم منصب، اینرک پینا نائیٹو سے معاشی اور سلامتی سے متعلق تعاون کے بارے میں بات چیت کی

امریکی صدر براک اوباما کوسٹا ریکا پہنچ چکے ہیں جہاں وہ ہفتے کے روز صدر لورا چن چلا سے باہمی امور پر بات چیت کریں گے، جِس کے بعد پائیدار نتائج کی حامل معاشی ترقی کے حصول کے سلسلےمیں وسط امریکی اجلاس ہوگا۔

توقع کی جاتی ہے کہ ہفتے کو ہونے والے اِس اجلاس میں وسط امریکی ممالک کے سات راہنما اِس بات پر غور و خوض کریں گے کہ تجارت فروغ دینے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں، اور پُر تشدد ہتھکنڈے اختیار کرنے والے منشیات کے خطرناک کارٹیلس سے کس طرح مؤثر طریقے سے نمٹا جائے، جو خطے سے منشیات کو شمالی امریکا اسمگل کرتے ہیں۔

صدر اوباما جمعے کی شام میکسیکو سے کوسٹا ریکا کے دارالحکومت سان ہوزے پہنچے، جہاں اُنھوں نے میکسیکو کے اپنے ہم منصب، اینرک پینا نائیٹو سے معاشی اور سلامتی سے متعلق تعاون کے بارے میں بات چیت کی۔

جمعے کے دِن صبح امریکی صدر نے میکسیکو سٹی میں نیشنل اینتھروپولوجی کے میوزئم میں نوجوانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔


اُنھوں نے اُن سے کہا کہ ایک درخشاں سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کی سرپرستی میں ایک نیا میکسیکو نمودار ہو رہا ہے جو مسابقت کی طاقت رکھنے کے علاوہ، پُرامن طریقوں سے اقتدار کی منتقلی کی اہلیت رکھتا ہے۔

مسٹر اوباما نے اِس طرف بھی توجہ دلائی کہ نوجوان طبقہ ایک خواب کی سی دمک رکھتا ہے، جس سے میکسیکو کے مستقبل کی امیدیں وابستہ ہیں اور وہ اُن اقدار کو بدل دینے کے لیے تیار ہیں جو بہتر نتائج کے قابل نہیں رہے۔

مسٹر اوباما نے امریکہ اور میکسیکو کو دو مساوی ساجھے دار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقائق کو مسخ کرنے کے باعث ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، جنھیں، اُن کے بقول، دور کیا جائے گا۔

اُنھوں نے امریکی امی گریشن نظام میں اصلاحات لانے کا عہد کیا، جن کے بارے میں اُنھوں نے کہا کہ اِن سے امریکی اقدار کی غمازی نہیں ہوتی، جب کہ کچھ افراد معاشرے کی نظروں سے چھپ کر رہنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG