رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کی ایک بار پھر میڈیا پر تنقید


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ "ناقابل یقین پیش رفت" کر رہی ہے لیکن انھوں نے ایک بار پھر امریکی ذرائع ابلاغ سے "بدیانتی پر مبنی رپورٹنگ" کرنے کا شکوہ کیا۔

ہفتہ کو فلوریڈا کے شہر ملبورن میں اپنے حامیوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے میڈیا سے متعلق جمعرات کو وائٹ ہاوس کی اپنی تقریر میں کی جانے والی تنقید کو دہرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی میڈیا کی اکثریت "غلط خبریں" فراہم کر رہی ہے اور انھوں نے نامہ نگاروں پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے ذرائع سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ "یہ مسئلے کا ایک بڑا حصہ بن چکے ہیں"۔

صدر نے اپنی انتظامیہ کے گزشتہ چار ہفتوں کی کارکردگی سے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔

"میں لوگوں میں آنا چاہتا ہوں۔ میں آپ کو یہاں اس ناقابل یقین پیش رفت کے بارے میں بتانے آیا ہوں جو ہم نے امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنانے کے لیے کیے۔"

صدر نے مزید کہا کہ "مستقبل کے لیے ہمارے منصوبے بہت بڑے ہیں اور میرا یقین کیجیئے، امریکہ ایسا ہی ہے۔"

ملبورن پولیس کے مطابق تقریباً نو ہزار افراد اس ریلی میں شریک تھے۔ یہاں قریب ہی "ایئرفورس ون" کہلانے والا صدارتی طیارہ بھی کھڑا تھا۔

ٹرمپ نے ان اطلاعات کو بھی مسترد کیا کہ وائٹ ہاؤس کا عملہ غیر منظم، غیر موثر اور بہت متنازع ہے۔ انھوں نے ایک بار پھر ان اطلاعات کو غلط خبر نگاری کا نتیجہ قرار دیا۔

"وائٹ ہاوس بہت آرام دہ انداز میں چل رہا ہے۔"

انھوں نے اپنی صدارتی مہم کے دوران کیے گئے ان وعدوں کو بھی دہرایا کہ وہ اسکولوں کو بہتر بنائیں گے، امریکیوں کے لیے ملازمت کے بہتر مواقع فراہم کریں گے اور صحت کا ایک بہتر نظام لائیں گے۔

XS
SM
MD
LG