رسائی کے لنکس

کانگریس: ’الیکٹورل کالج‘ ووٹوں کی گنتی، سرکاری طور پر ٹرمپ فاتح قرار


انتخابی ووٹوں کا شمار 8 نومبر، 2016ء کو منعقد ہونے والے قومی ووٹوں کے نتائج پر سرکاری مہر ثبت کرنے کا حتمی عمل شمار ہوتا ہے۔ گنتی مکمل ہونے پر، نائب صدر جو بائیڈن نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے، ٹرمپ کو فاتح قرار دیا

امریکی کانگریس کے ارکان نے ’الیکٹورل کالج‘ کے ووٹوں کی سرکاری گنتی مکمل کرکے اِس بات کی باضابطہ تصدیق کی ہے کہ ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

انتخابی ووٹوں کا شمار 8 نومبر، 2016ء کو منعقد ہونے والے قومی ووٹوں کے نتائج پر سرکاری مہر ثبت کرنے کا حتمی عمل شمار ہوتا ہے۔

کانگریس کی مشترکہ نشست کے دوران، ڈیموکریٹ ارکان نے جمعے کے روز ووٹوں کی سرکاری گنتی کے دوران اعتراض اٹھائے، لیکن درکار عددی حمایت نہ حاصل ہونے کے باعث، وہ اپنی بات کو دوام نہ بخش سکے۔

حتمی انتخابی گنتی کے مطابق، ٹرمپ کو 304 جب کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی صدارتی امیدوار کو 227 ووٹ پڑے۔ سات ’الیکٹرز‘ نے دیگر امیدواروں کے حق میں ’’احتجاجی ووٹ‘‘ درج کرایا۔

گنتی مکمل ہونے پر، نائب صدر جو بائیڈن نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے، ٹرمپ کو فاتح قرار دیا۔

صدارتی جیت کے لیے الیکٹورل کالج کے 270 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ ٹرمپ نے اس عدد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، حالانکہ کلنٹن کو ملک بھر میں تقریباً 29 لاکھ ’پاپولر ووٹ‘ زیادہ ملے۔

یہ نئی انتظامیہ کی تشکیل کے آخری مراحل ہیں۔ ٹرمپ اور اُن کے منتخب نائب صدر مائیک پینس جمعہ، 20 جنوری کو اپنے عہدوں کا باضابطہ حلف اٹھائیں گے۔

XS
SM
MD
LG