رسائی کے لنکس

پاکستان کے تصفیہ طلب مسائل حل کرنے کو تیار ہوں، ٹرمپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے نومنتخب صدر نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دیرینہ اور تصفیہ طلب مسائل حل کرنے کے لیے جو بھی کرداروہ چاہیں ، ادا کرنے کو تیار ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے وزیر اعظم سے کہا کہ پاکستان ایک شاندار ملک ہے جس میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔

نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بڑی صلاحیتوں کے مالک ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مسٹر شریف سے کہا ہے کہ پاکستان کے دیرینہ اور تصفیہ طلب مسائل حل کرنے کے سلسلے میں جو کردار بھی آپ چاہیں گے، ادا کرنے کےلیے تیار ہوں۔ یہ میرے لیے ایک اعزاز ہوگاا ور میں اسے ذاتی طور پر کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ جب چاہیں مجھے ٹیلی فون کرسکتے ہیں اور 20 جنوری کو صدراتی عہدہ سنبھالنے سے پہلے بھی۔

وزیر اعظم شریف کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت پر مسٹرٹرمپ نے کہا کہ وہ شاندار لوگوں کے شاندار ملک اور خوبصورت مقامات کا دورہ کرنا پسند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو میرا یہ پیغام پہنچا دیں کہ وہ بہت شاندار لوگ ہیں اورمیں جتنے پاکستانیوں کو جانتا ہوں وہ سب غیرمعمولی صلاحتیوں کے لوگ ہیں۔

XS
SM
MD
LG