رسائی کے لنکس

'نامہ نگاروں کے عشائِیے' میں شرکت نہیں کروں گا: ٹرمپ


صدر ڈونلڈ ٹرمپ (فائل فوٹو)
صدر ڈونلڈ ٹرمپ (فائل فوٹو)

اگرچہ ٹرمپ کی ٹویٹ پر کوئی فوری ردعمل سامنا تو نہیں آیا ہے لیکن وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی تنظیم نے حال ہی میں کہا تھا کہ 29 اپریل کی عشائیہ کی تقریب طے شدہ پروگرام کے مطابق ہو گی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کے سالانہ عشائِیے کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے جو کہ عام طور پر امریکہ کے صدر کے لیے سیاسی طور پر نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

اگرچہ اس رسمی عشائِیےکی تقریب ابھی دو ماہ کے بعد منعقد ہو گی تاہم ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "میں اس سال وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی تنظیم کے عشائِیے میں شرکت نہیں کروں گا۔ اس شاندار شام کے لیے میری طرف سے سب کے لیے نیک تمنائیں!"

ایک روز قبل ہی ٹرمپ نے امریکہ کے قدامت پسندوں کے ایک اجتماع میں وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں اور ذرائع ابلاغ پر تنقید کی جو ان کے خیال میں جان بوچھ کر ان کی انتظامیہ سے متعلق" جھوٹی خبریں"پھیلا رہے ہیں۔

اس کے چند ہی گھنٹوں کے بعد ہی وائٹ ہاؤس کے اسٹاف نے کئی ایک بڑے ذرائع ابلاغ بشمول سی این این، نیویارک ٹائمز، پولیٹیکو، لاس اینجلیس ٹائمز اور بزفیڈ کو معمول کی وائٹ ہاؤس کی بریفنگ میں شرکت کرنے کی اجازت نا دی۔

وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی تنظیم نے بریفنگ کے اس طرح انعقاد کرنے پر احتجاج کیا۔ اگرچہ ٹرمپ کی ٹویٹ پر کوئی فوری ردعمل سامنا تو نہیں آیا ہے لیکن وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی تنظیم نے حال ہی میں کہا تھا کہ 29 اپریل کی عشائِیے کی تقریب طے شدہ پروگرام کے مطابق ہو گی۔

ٹرمپ کے امریکہ کے منصب صدارت پر فائز ہونے کے بعدامریکی پریس اور وائٹ ہاؤس کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے رواں سال کی عشائِیے کی تقریب کا پروگرام ابھی تک حتمی نہیں ہو سکا تھا۔

جس ہفتے میں اس عشائِیے کا انعقاد کیا جاتا ہے روایتی طور پر میڈیا گروپوں کی طرف سے بھی کئی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم ان میں سے کئی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا ہے بشمول وہ جو بلوم برگ نیوز، وینٹی فیئر اور نیویارک جیسے رسالوں کی طرف سے منعقد کی جاتی تھیں۔

XS
SM
MD
LG