رسائی کے لنکس

'کسی کو امریکی پرچم جلانے کی اجازت نہیں ملنی چاہئے'


امریکی سپریم کورٹ نے 1989 میں احتجاجاً قومی جھنڈے کو نقصان پہنچانے پر پابندی کو امریکی آئین کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ یہ ترمیم امریکی شہریوں کے اظہار رائے کے حق کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے احتجاج کرنے والے ان امریکیوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے، جو امریکی جھنڈوں کو جلاتے ہیں۔ یاد رہے کہ احتجاج کی اس قسم کو امریکی سپریم کورٹ کی طرف اظہار رائے کی آزادی قرار دے کر آئینی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

نو منتخب امریکی صدر کے ٹویٹر اکاونٹ سے کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’کسی شخص کو امریکی جھنڈا جلانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ جو کوئی ایسا کرے، اسے سزا ملنی چاہئے ۔ شاید شہریت سے محرومی یا ایک سال کی جیل‘‘ ۔

​فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کیا چیز تھی، جو اس ٹویٹ کا محرک بنی ۔ لیکن ٹویٹ امریکی ریاست میسا چوسٹس کے ہیمپ شائر کالج میں طلباء کی طرف سے امریکی پرچم جلانے کے واقعے کے بعد انتظامیہ کی طرف سے کالج کی حدود میں امریکی جھنڈا لہرانے پر پابندی لگانے کے کچھ دن بعد سامنے آئی ہے۔

اتوار کو سابق امریکی فوجیوں اور چند دیگر مظاہرین نے ہیمپ شائر کالج کی انتظامیہ کی طرف سے پرچم لہرانے پر پابندی کے فیصلے کی مخالفت کی تھی ۔ کالج انتطامیہ کا کہنا تھا کہ وہ امریکی پرچم کے بارے میں جو امریکیوں کی اکثریت کے نزدیک محترم ہے, پر امن مباحثوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وہائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے کہا ہے کہ 'امریکیوں کی اکثریت کے خیال میں قومی پرچم کو جلانا نا خوشگوار اقدام ہے'۔ تاہم ترجمان کے بقول،'ایک ملک کے طور ہماری ذمہ داری ہے کہ ان حقوق کو تحفظ فراہم کریں، جو آئین میں شہریوں کو دیئے گئے ہیں۔ '

حالیہ چند دہائیوں میں امریکی قانون سازوں کی طرف سے کئی بار ایسی کوششیں کی گئی ہیں کہ سرخ، سفید اور نیلے رنگوں پر مشتمل امریکی پرچم کی بے حرمتی یا اسے جلائے جانے کے واقعات کو روکا جائے۔ تاہم امریکی سپریم کورٹ نے 1989 میں فیصلہ دیا تھا کہ احتجاج کے طور پر امریکی جھنڈے کو نقصان پہنچانے کے اقدام پر پابندی عائد کرنا امریکی آئین کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی ہے، جو امریکی شہریوں کے اظہار رائے کے حق کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ امریکی سپریم کورٹ کے 1958 کے ایک اور فیصلے کے مطابق ایسا اقدام کرنے والے کسی شخص کو شہریت سے بھی محروم نہیں کیا جا سکتا ۔

ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن نے 2005میں، جب وہ امریکی سینیٹر تھیں، ملک کے جھنڈے کو جلانے پر پابندی عائد کرنے سے متعلق قانون سازی کی کوششوں کی حمایت کی تھی، تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔

XS
SM
MD
LG