رسائی کے لنکس

تیونس جیسے مظاہرے پھیلنے کا اندیشہ ہے، عرب لیگ


تیونس جیسے مظاہرے پھیلنے کا اندیشہ ہے، عرب لیگ
تیونس جیسے مظاہرے پھیلنے کا اندیشہ ہے، عرب لیگ

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل امر موسیٰ نے مشرقِ وسطیٰ کے رہنمائوں کو خبردار کیا ہے کہ غربت، بے روزگاری اور اقتصادی صورتِ حال کی ابتری کے باعث عرب معاشرے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہے ہیں۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بدھ کے روز عرب ممالک کی نمائندہ تنظیم کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ تیونس میں ہونے والے حالیہ مظاہرے اور سیاسی بیداری کی لہر عرب دنیا میں بڑھتی ہوئی مایوسی اور غصے کی ایک جھلک پیش کرتی ہے۔

عرب لیگ کا حالیہ اجلاس ایک ایسے وقت پہ منعقد ہورہا ہے جب عرب دنیا کے ایک نسبتاً ترقی یافتہ ملک تیونس میں ایک ماہ سے جاری عوامی مظاہروں اور فسادات کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے ملکی حکومت کا تختہ الٹ گیا ہے۔

امر موسیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتِ حال پر عام عرب باشندوں کا غصہ انتہائی بلند سطح پر پہنچا ہوا ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر عرب ممالک کے عوام تیونس کی عوامی احتجاجی تحریک کا سبب بننے والی مہنگائی، غربت، اور ایسے سیاسی نظام جس میں اختلافِ رائے کا حق تسلیم نہیں کیا جاتا، جیسے مسائل سے دوچار ہے۔

اس سے قبل امر موسیٰ نے مشرقِ وسطیٰ میں معاشی اور سیاسی اصلاحات ایک ساتھ متعارف کرانے پر زور دیا تھا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ قاہرہ میں جاری عرب لیگ کے حالیہ اجلاس میں عرب رہنما خطے میں روزگار اورچھوٹے کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلیے دو ارب ڈالر مالیت کے امدادی پروگرام کا اعلان کرینگے۔

دریں اثناء میڈیا میں آنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ میں جاری عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے آنے والے تیونس کے وزیرِ خارجہ کمال مورجان اجلاس کے آغاز سے کچھ دیر قبل واپس وطن روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کی اچانک روانگی کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری موقف جاری نہیں کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG