رسائی کے لنکس

تیونس:سیاسی رہنما کے قتل کے خلاف مظاہرے اور ہڑتال


حزب مخالف کے آزاد خیال رہنما محمد براہمی کو دارالحکومت تونس میں ان کے گھر کے باہر جمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔

تیونس میں حزب مخالف کے ایک اہم رہنما کی ہلاکت کے خلاف جمعہ کو ہڑتال اور مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

حزب مخالف کے آزاد خیال رہنما محمد براہمی کو دارالحکومت تونس میں ان کے گھر کے باہر جمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔

ان کا تعلق سیکولر ’پاپولر فرنٹ‘ پارٹی سے تھا اور وہ ملک میں اسلام پسندوں کی حکومت کے ایک بڑے ناقد ہونے کے ساتھ ساتھ نئے آئین کی تیاری میں معاونت بھی کررہے تھے۔

رواں سال یہ اس نوعیت کی دوسری ہلاکت ہے۔ فروری میں آزاد خیال سیاست دار چوکری بلعید کی ہلاکت کے بعد بھی ملک میں بڑے پیمانے ہونے والے مظاہرے تشدد کی صورت اختیار کرگئے تھے۔

جمعرات کو ہزاروں مظاہرین براہمی کی ہلاکت کے بعد تیونس اور سیدی بوزید کی سڑکوں پر نکل آئے۔ ان میں سے اکثریت نے اس حملے کا الزام اسلام پسند جماعت النہضہ پر عائد کیا۔

دو سیکولر جماعتوں کے ساتھ اتحادی حکومت بنانے والی النہضہ جماعت نے اس ہلاکت کی فوراً مذمت کی تھی۔

آئینی اسمبلی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جمعہ کو براہمی کی موت پر یوم سوگ منایا جائے گا۔ تیونس کی سب سے بڑی مزدور یونین نے اس روز عام ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG