رسائی کے لنکس

بلوچستان: تربت کے نزدیک بم دھماکہ، چار سیکیورٹی اہلکار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

سیکیورٹی اہلکار ایک مذہبی اجتماع کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے کوئٹہ سے تربت جارہے تھے۔

بلوچستان کے شہر تربت کے نزدیک سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک سیکیورٹی ادارے کے چار اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کےمطابق واقعہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے صدر مقام تربت سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔

ایک مقامی پولیس افسر فاروق فیض نے خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کو بتایا ہے کہ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ اس وقت ہوا جب علاقے سے بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک قافلہ گزر رہا تھا۔

پولیس افسر کے مطابق دھماکے سے قافلے میں شامل ایک ٹرک کو نقصان پہنچا جب کہ اس میں سوار چار اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تربت میں واقع ضلعی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ علاقے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی مزید نفری روانہ کردی گئی ہے۔

پولیس افسر کےمطابق سیکیورٹی اہلکار ایک مذہبی اجتماع کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے کوئٹہ سے تربت جارہے تھے۔

واضح رہے کہ معدنیات سے مالا مال ہونے کے باوجود بلوچستان پاکستان کا سب سے پسماندہ صوبہ ہے جہاں صوبائی خودمختاری اور صوبے کی آزادی کے لیے بعض قوم پرست گروہ مسلح جدوجہد کر رہے ہیں جس میں حالیہ برسوں میں شدت آگئی ہے۔

افغانستان اور ایران سے منسلک رقبے کے اعتبار سے ملک کے اس سب سے بڑے صوبے میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملے معمول بن چکے ہیں جن کی ذمہ داری عموماً بلوچ علحد گی پسند قبول کرتے آئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG