رسائی کے لنکس

’داعش‘ کے لیے بھرتی کرنے والے اہم افراد ترکی میں گرفتار


ترکی کی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دونوں افراد چیچنیا اور داغستان سے جنگجوؤں کو شام میں ’داعش‘ کے لیے بھرتی کرتے تھے۔

ترکی میں حکام کا کہنا ہے کہ ’داعش‘ میں شمولیت کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے والے دو مبینہ اہم افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

استنبول میں عہدیداروں کے مطابق ترکی کی پولیس نے ’داعش‘ کے 12 افراد کو گرفتار کیا، جن میں لوگوں کو بھرتی کرنے والے دو اہم افراد بھی شامل ہیں۔

ترکی کی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دونوں افراد چیچنیا اور داغستان سے جنگجوؤں کو شام میں ’داعش‘ کے لیے بھرتی کرتے تھے۔

ان میں ’داعش‘ کے ایک کمانڈر کا نام محمد الحک بتایا گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے استنبول کی عدالت نے وارنٹ جاری کیے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ محمد الحک چیچنیا سے لوگوں کو بھرتی کرنے والے گروپ کی قیادت کرتا تھا۔

ترکی کے سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق محمد الحک کے گھر پر چھاپے کے دوران اُنھیں لیزر آلات، تین دوربینیں اور ایک ٹیلی سکوپ بھی ملیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں انقرہ میں کرد حامیوں کے اجتماع پر دو خودکش بمباروں کے حملے میں 102 افراد کی ہلاکت کے بعد ترکی کی سکیورٹی فورسز نے ’داعش‘ کے خلاف سکیورٹی سخت کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG