رسائی کے لنکس

ترکی نے شام کا جنگی طیارہ مار گرایا


شامی افواج اور باغیوں کے درمیان ترکی سےمتصل شامی صوبے لتاکیہ کے سرحدی قصبے کساب پر قبضے کےلیے گزشتہ تین روز سے شدید لڑائی ہورہی ہے

ترکی نے مبینہ طور پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے شامی فضائیہ کے ایک جنگی طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترکی کے وزیرِاعظم رجب طیب اردوان نے شامی طیارہ مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارہ سرحد پار کرکے ترکی کی حدود میں داخل ہوا تھا۔

ترک وزیرِاعظم نے اپنے ایک بیان میں شام کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ان کے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی جاری رکھی تو اسے "سخت ردِ عمل" کا سامنا کرنا ہوگا۔

شام کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق ترکی کی سرحد سے متصل ایک علاقے میں شامی افواج اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے اور جنگی طیارہ شام کی حدود میں باغیوں کا تعاقب کر رہا تھا جب اسے ترکی کے سرحدی محافظوں نے نشانہ بنایا۔

شامی فوج کے ایک ترجمان نے ترکی کی کاروائی کو "سنگین جارحیت" قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ شام کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کا پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا۔

خیال رہے کہ شامی افواج اور باغیوں کے درمیان ترکی سےمتصل شامی صوبے لتاکیہ کے سرحدی قصبے کساب پر قبضے کےلیے گزشتہ تین روز سے شدید لڑائی ہورہی ہے۔

دوسری جانب شام میں جاری خانہ جنگی کے زیرِاثر لبنان میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور شامی صدر بشار الاسد کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جاری جھڑپوں کا سلسلہ دارالحکومت بیروت تک جا پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق تازہ جھڑپوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے جس کے بعد رواں ہفتے مرنےو الوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی ہے۔
XS
SM
MD
LG