رسائی کے لنکس

کراچی میں ترکی کے ملبوسات کی بہار


کراچی کے فیشن اسٹور’ لباس‘ میں بہار اور گرمیوں میں پہنے جانے والے کپڑوں کی مکمل رینج نمائش کے لئے پیش کی گئی۔

پاکستان میں ترکی ڈراموں کی مقبولیت کے بعد اب ترکی کے فیشن برانڈ ’بی بیک ترکی‘ نے بھی فیشن انڈسٹری میں دھوم مچا کر نت نئے فیشن کی شوقین خواتین کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے۔

’بی بیک‘ نے کراچی میں 2014ء کے موسم بہار اور گرما کلیکشن کی نمائش کی۔ پبلسٹی فرم ’کیٹالسٹ‘ کا کہنا ہے کہ کراچی کے فیشن اسٹور ’لباس‘ میں بہار اور گرمیوں میں پہنے جانے والے کپڑوں کی مکمل رینج نمائش کے لئے پیش کی گئی جس میں نہ صرف عام لوگوں بلکہ مقامی فیشن انڈسٹری کے تمام قابل ذکر برانڈز نے بھی غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

’بی بیک‘ کے ملبوسات میں بہار کے رنگوں کے حسن اور تازگی و جدید اسٹائل نے نت نئے فیشن اپنا نے والوں کو انتخاب کے لئے وسیع رینج مہیا کی۔ کرسپی اور کیژول ٹوپس سے لے کر لانگ ڈریسز اور جمپ سوٹس تک، ہر عمر کی خواتین کی دلچسپی کا سماں موجود تھا۔

بلیک اینڈ وائٹ ہو یا گلابی، زرد، گرین۔۔ رنگوں کی قوس و قزح سے سجے ملبوسات نے نمائش میں شریک لوگوں کے لئے چوائس مشکل بنادی۔

نمائش میں خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ نیکلس، انگوٹھیاں اور کلچز بھی توجہ کا مرکز رہے۔

ترکی: یورپ کی فیشن انڈسٹری کا ’حب‘

استبول ترکی کا ایسا شہر ہے جسے یورپ کی فیشن انڈسٹری کا ’حب‘ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یہاں نت نئے برانڈز ابھرتے اور دنیا کی فیشن انڈسٹری پر اپنی چھاپ چھوڑتے ہیں۔ ترکش فیشن میں قدیم و جدیدیت اور گلیمر کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔ ڈیفوڈلز اور دیگر پھولوں اور پتوں کے پیٹرن سے سجے رنگ برنگے شرٹس اور لانگ اسکرٹس ترک فیشن میں بہت پسند کئے جاتے ہیں۔

’بی بیک‘ کے مالک شان، استنبول کے بڑے گارمنٹس بنانے اور ایکسپورٹ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ان کی بیوی مشعال نے فیشن بائنگ میں فلورنس سے ماسٹرز ڈگری لی ہے ۔ وہ اسٹیلا مک کارٹنی، نیویارک کے ساتھ کام کا تجربہ رکھتی ہیں۔

’بی بیک‘ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان فیشن انڈسٹری کو یورپ کی فیشن مارکیٹ سے مقابلے کے لئے تیارکرنا چاہتے ہیں۔ 'بی بیک' کے ملبوسات کی قیمت 1500 سے 5000 پاکستانی روپے تک ہے۔

بیگس، بیلٹس اور دیگر آرائش کی چیزوں کی قیمتیں 1000 سے 7500 تک ہیں۔ 'بی بیک' کا یہ ارادہ بھی ہے کہ وہ پاکستان میں ریٹیل آوٴٹ لیٹ قائم کرے۔

XS
SM
MD
LG