رسائی کے لنکس

ترکی کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع


ترکی کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع
ترکی کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع

اسرائیل کے وزیرِ دفاع ایہود بارک نے کہا ہے کہ ترکی کے ساتھ کشیدگی میں کمی اسرائیل کے اپنے مفاد میں ہے۔

پیر کے روز دیے گئے اپنے بیان میں اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ ان کی "لیبر پارٹی " ترکی کے ساتھ تنائو میں کمی لانے کی خواہش مند ہے۔

ایہود بارک کی جانب سے مذکورہ ریمارکس اسرائیلی وزیرِ خارجہ ایوڈگور لائبرمین کے اس بیان کے ردِ عمل میں سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے غزہ فلوٹیلا پر کیے گئے صیہونی حملے پر اسرائیل سے معافی مانگنے کا ترک مطالبہ مسترد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں اسرائیلی محاصرے کا شکار فلسطینی علاقے غزہ کیلیے امدادی سامان لے جانے والے ایک بحری قافلے پر اسرائیلی افواج کے حملے میں 9 ترک رضاکار ہلاک ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلاقات سخت کشیدہ ہوگئے تھے جبکہ ترکی کی جانب سے امدادی قافلے کو نشانہ بنانے پر اسرائیل سے معافی مانگنے اور ہلاک شدگان کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے۔

تاہم اتوار کے روز یروشلم میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے ترکی پر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا جوابی الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی کو اسرائیل سے معافی مانگنی چاہیے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے دونوں ممالک کے سفارتکاروں کے درمیان جنیوا میں ہونے والی بات چیت بھی کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئی تھی۔

XS
SM
MD
LG