رسائی کے لنکس

ترکی: فوجی انقلاب کی چھان بین کے دوران 14 فوجی لیڈرگرفتار


مبیّنہ فوجی سازش کے سلسلے میں گرفتار کیے جانے والوں میں دوسرے لوگوں کے علاوہ فضائیہ اور بحریہ کے دو سابق سربراہ شامل ہیں

ترکی میں پولیس نے کہا ہے کہ اسلامی رجحانات کی حامل حکومت کا تختہ اُلٹنے کی ایک مبیّنہ فوجی سازش کے سلسلے میں دوسرے لوگوں کے علاوہ فضائیہ اور بحریہ کے دو سابق سربراہوں سمیت، مسلح افواج کے14 اعلیٰ عہدے داروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ اُس نے فضائیہ کے سابق کمانڈر ابراہیم فِر تینا اور بحریہ کے سابق کمانڈر اوزدَین اورمیک کودوسرے لگ بھگ 40 لوگوں کے ساتھ پیر کے روز گرفتار کرلیا۔

نشریاتی ادارے سی این این ترک نے یہ اطلاع بھی دی ہے کہ حکومت کی سکیورٹی کی ان کارروائیوں کے نتیجے میں برّی فوج کے موجودہ سربراہ جنرل اِلکر بازبرگ نےاپنا مصر کا ایک دورہ منسوخ کردیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ فوجی انقلاب لانے کے منصوبے میں یونان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ کرنے کے مقصد سے بری فوج نے یونان کے جیٹ لڑاکا طیاروں کو اس طرح پریشان کرنے کی سازش تھی کہ وہ مشتعل ہوکر ترکی کے کسی فوجی طیارے کو مار گرائیں۔

سازش کے بارے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتشار پھیلانےاور حکومت کو بے بس اور نااہل ثابت کرنے کے لیے مسجدوں میں بم رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG