رسائی کے لنکس

ترکی میں ہلاکتوں پر پاکستان میں سوگ، پرچم سرنگوں


وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان کے نام ایک خط میں کہا کہ پاکستانی ترک عوام کے دکھ میں شریک ہیں۔

ترکی میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے اور آتشزدگی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کے وزیراعظم نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا اور جمعرات کو پاکستانی پرچم سرنگوں رہا۔

وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان کے نام ایک خط میں کہا کہ پاکستانی ترک عوام کے دکھ میں شریک ہیں اور لاپتا افراد کو نکالنے کے لیے کی جانی والی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم نے اس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ترکی عزم و حوصلے کے ساتھ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گا۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس حادثے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن معاونت کے لیے تیار ہے۔

ترکی کے مغربی علاقے سوما میں کوئلے کی کان میں منگل کو ہونے والے دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں کی تعداد 282 بتائی جب کہ اب بھی لگ بھگ 100 افراد کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔

پاکستان اور ترکی کے قریبی تعلقات رہے ہیں جب کہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کے مابین روابط میں اضافہ ہوا ہے۔

آٹھ اکتوبر 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے اور اُس کے بعد 2010 اور 2011 میں سیلابوں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ترکی نے بھی پاکستان کی بھرپور معاونت کی تھی۔
XS
SM
MD
LG