رسائی کے لنکس

ترکی: داعش سے وابستہ 35 مشتبہ افراد گرفتار

حالیہ مہینوں میں ترکی میں ’داعش‘ یا کرد جنگجوؤں کی طرف سے کئی مہلک بم دھماکے کیے گئے، جس کے بعد ترکی نے ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کے آپریشن تیز کر دیئے۔

ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے ’انادولو‘ نے کہا ہے کہ پولیس نے استنبول میں کارروائی کرتے ہوئے 35 افراد کو شدت پسند تنظیم ’داعش‘ سے تعلق کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔

’انادولو‘ نے بدھ کو بتایا کہ استنبول کے ایک علاقے میں 41 گھروں پر چھاپوں کے دوران ان افراد کو حراست میں لیا گیا۔

تاہم گرفتار کیے گئے افراد کی شہریت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

حالیہ مہینوں میں ترکی میں ’داعش‘ یا کرد جنگجوؤں کی طرف سے کئی مہلک بم دھماکے کیے گئے، جس کے بعد ترکی نے ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کے آپریشن تیز کر دیئے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ کے مطابق رواں ماہ ترکی کے 29 صوبوں میں پولیس کی کارروائی میں 750 افراد کو حراست میں لیا گیا جن کا تعلق مبینہ طور پر ’داعش‘ سے بتایا گیا۔

نئے سال کے موقع پر استنبول میں ایک نائیٹ کلب پر حملے کی ذمہ داری ’داعش‘ نے قبول کی تھی، اس حملے میں 39 افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG