رسائی کے لنکس

ترکی: مظاہرین سے یکجتہی کے لیے مزدور یونینوں کی ہڑتال


اتوار کو وزیراعظم رجب طیب اردوگان نے اپنے لاکھوں حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا تھا کہ استنبول پارک سے مظاہرین کو نکالنا اُن کی ’ڈیوٹی‘ تھی۔

ترکی میں مزدور یونینوں نے ملک میں مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے پیر کو ایک روزہ احتجاجی ہڑتال کا اعلان کیا۔

دوسری جانب طاقت کا استعمال کر کے مظاہرین کو استنبول پارک سے باہر نکالنے کے خلاف انقرہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کیا جائے۔

اُدھر اتوار کو وزیراعظم رجب طیب اردوگان نے اپنے لاکھوں حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا تھا کہ استنبول پارک سے مظاہرین کو نکالنا اُن کی ’ڈیوٹی‘ تھی۔

ترک وزیراعظم نے اپنے خلاف لگائے اُن الزامات کو رد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ اُن کا رویہ
’آمرانہ‘ ہے۔

سکیورٹی فورسز نے پارک سے مظاہرین کو نکالنے کے لیے ہفتے کی شام ایک کارروائی شروع کی تھی جس میں لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا گیا۔

استبول کے تقسیم اسکوائر کے ایک باغ کے مقام پر حکومت کے تعمیراتی منصوبے خلاف لوگوں نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک مظاہرہ کیا تھا لیکن جلد یہ احتجاج پورے ملک میں پھیل گیا۔

وزیراعظم رجب طیب اردوگان نے گزشتہ ہفتے مظاہرین کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا تھا کہ عدالت کا فیصلہ آنے تک وہ تعمیراتی منصوبے پر کام روک دیں گے۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر عدالت کا فیصلہ حکومت کے حق میں آیا تو ایسی صورت میں بھی اس منصوبے کے بارے میں وہ ’ریفرنڈم‘ کرائیں گے۔
XS
SM
MD
LG