رسائی کے لنکس

ترکی: پارک میں عمارت کی تعمیر پر ریفرنڈم کی تجویز


ترک وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ مظاہرین دانستہ طور پر ملک کے حقیقی تشخص اور معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

ترکی میں حکومت نے ایک عوامی پارک کے مقام پرعمارت کی تعمیر کے معاملے پر ’ریفرنڈم‘ کرانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

ترجمان حسین سالک نے بتایا کہ جمہوریت میں صرف لوگوں کی رائے ہی مقدم ہوتی ہے تاہم اُنھوں ایک بار پھر مظاہرے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم رجب طیب اردوان کی مظاہرین کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد ترجمان سالک نے یہ بیان دیا۔

لیکن کئی دیگر مظاہرین نے حکومت کی پیش کش کو رد کر دیا کیوں کہ اُن کہنا ہے کہ حکومت کے اپنے چنے ہوئے وفد نے وزیراعظم اردوان سے ملاقات کی۔

استنبول کے ایک پارک کے مقام پر تجارتی عمارت بنانے کے منصوبے کے خلاف تقریباً دو ہفتے قبل مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ جلد ہی یہ احتجاج حکومت اور وزیراعظم رجب طیب اردوان کے خلاف ریلیوں میں بدل گیا۔

ترک وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ مظاہرین دانستہ طور پر ملک کے حقیقی تشخص اور معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

ملک کے دو بڑے شہروں استنبول اور انقرہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا بھی استعمال کیا تھا۔

بدھ کو استنبول کے تقسیم اسکوائر کو پولیس نے کئی گھنٹوں کی جھڑپ کے بعد خالی کرا لیا تھا ۔

ملک میں ہونے والے مظاہروں اور جھڑپوں میں کم از کم چار افراد ہلاک اور لگ بھگ پانچ ہزار زخمی ہو گئے تھے، جب کہ ہزاروں افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG