رسائی کے لنکس

بم کی اطلاع، نیویارک سے استنبول جانے والی پرواز کا رخ موڑ دیا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

طیارے کو ہیلی فیکس اسٹینفیلڈ کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا اور اس پر سوار 256 افراد کو بحفاظت ٹرمینل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

نیویارک سے استنبول جانے والے ایک مسافر طیارے میں بم کی اطلاع پر اس کا رخ موڑتے ہوئے جہاز کو کینیڈا میں اتار لیا گیا ہے۔

حکام نے اتوار کو بتایا کہ انھیں مقامی وقت کے مطابق رات دس بج کر 50 منٹ پر ترکش ایئرلائنز کے طیارے میں بم کی اطلاع ملی لیکن اس وقت تک جہاز نیویارک کے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے سے اڑان بھر چکا تھا۔

اس اطلاع پر طیارے کو ہیلی فیکس اسٹینفیلڈ کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا اور اس پر سوار 256 افراد کو بحفاظت ٹرمینل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے بقول سراغ رساں کتوں کی مدد سے جہاز کی مکمل طور پر تلاشی لی جا رہی ہے۔

گزشتہ منگل کو ہی امریکہ سے پیرس جانے والی دو پروازوں کو ایسی ہی اطلاع پر کینیڈا میں اتار لیا گیا تھا لیکن تلاشی کے بعد ان پر کسی بھی قسم کے بم یا ایسے خطرے کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔

13 نومبر کو پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد سے سکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کیا جا چکا ہے۔ ان حملوں میں 129 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی تھی۔

روس کی طرف سے اس بیان کے بعد کہ 31 اکتوبر کو مصر سے روس جانے والا مسافر طیارہ بم پھٹنے سے تباہ ہوا تھا، فضائی سفر سے متعلق خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اس واقعے میں ملوث ہونے کا دعویٰ بھی داعش نے کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG