رسائی کے لنکس

کرغزستان: ترکی کا مال بردار طیارہ آبادی پر گر کر تباہ، 37 افراد ہلاک


ترکی کا ایک مال بردار طیارہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکک کے قریب ایک آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس سے کم از کم 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مرنے والوں کی اکثریت اس دیہات کے لوگوں کی بتائی جاتی ہیں جہاں یہ طیارہ تباہ ہوا۔

حکام کے مطابق ہانگ کانگ سے استنبول آنے والے اس طیارے کو پیر کو بشکک کے قریب مناس ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے قیام کرنا تھا لیکن ایئرپورٹ پر اترنے سے پہلے ہی بظاہر دھند کی وجہ سے یہ حادثے کا شکار ہوا۔

بوئنگ 747 ساختہ اس طیارے کے آبادی پر گرنے سے 15 عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

اس سے قبل طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی خبروں میں اس واقعے میں 16 افراد کی ہلاکت کا بتایا گیا تھا۔

جائے حادثہ پر پہنچنے والے ہنگامی امداد کے کارکنوں اور اسپتال کے عملے کے مطابق مرنے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ جہاز ترکش ایئر لائنز کے تحت چلنے والی ایک کمپنی کے زیراستعمال تھا جب کہ بعض اطلاعات کے مطابق یہ "مائی کارگو ایئرلائنز" کی ملکیت تھا۔

تاحال حادثے کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں لیکن خدشہ ہے کہ دھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے اور خراب موسم اس واقعے کا سبب بنا۔

XS
SM
MD
LG