رسائی کے لنکس

ترک فورسز کی کارروائی، 29 کرد جنگجو ہلاک


ترکی کی فورسز نے ملک کے مشرقی پہاڑی علاقوں اگری اور ویان میں کارروائی کر کے کردستان ورکز پارٹی (پی کے کے) کے 29 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔

اس کارروائی کے بارے میں اگری کے گورنر کے دفتر سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا۔

ترک فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ایرانی سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران ترکی کے تین فوجی اور حکومت کا حامی ایک مقامی ملیشیاء کا محافظ ہلاک ہو گیا۔

ترکی کی حکومت اور ’پی کے کے‘ کے درمیان جنگ بندی سے متعلق معاہدہ جولائی 2015 میں ختم ہو گیا تھا، جس کے بعد خاص طور پر ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں تشدد کے بدترین واقعات دیکھے گئے۔

1984 کے بعد سے شروع ہونے والے تنازع میں اب تک 40,000 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جن میں اکثریت کردوں کی ہے۔

’پی کے کے‘ کو ترکی کی حکومت کے علاوہ امریکہ اور یورپی یونین دہشت گرد گروپ قرار دے چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG