رسائی کے لنکس

ٹی وی گیم شوز، ٹیکس سے بچنے کا اہم ذریعہ


یہ قیمتی اشیا گیم شو کی ہر ایپی سوڈ میں دی جاتی ہیں اور ہرگیم شو کا میزبان اپنے شو کی ریٹنگ بڑھانے کے لئے یہ دعویٰ بھی کرتا ہے کہ اس کا گیم شو پاکستان کا سب سے بڑا گیم شو ہے اور یہ بات پیسے کے حوالے سے درست بھی نظرآتی ہے

بڑے بڑے قیمتی انعامات کے باعث عوامی کشش کا مرکز اور مقبولیت میں سر فہرست ٹی وی گیم شوز کے بارے میں آپ کو یہ جان کر شاید حیرت ہو کہ یہ ٹی وی گیم شوز مختلف کاروباری اداروں کے لئے ٹیکس بچانے کے حوالے سے کسی جنت سے کم نہیں۔

پاکستان کے تقریبا ًہر ٹی وی چینل پر مشہور آرٹسٹوں کی میزبانی سے سجے گیم شوز آن ائیر کئے جاتے ہیں اور ان گیم شوز میں گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، سونا، پلاٹس، گھریلو استعمال کی اشیا، لیپ ٹاپس، اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس جیسے لاکھوں روپے مالیت کے تحائف آسان سوالوں یا گیمز کے بدلے میں شرکا میں بانٹ دئیے جاتے ہیں۔ ان تحائف کی تعداد بڑھا بھی دی جاتی ہے، خصوصاً مذہبی اور دیگر تہواروں کے موقعوں پر۔

یہ قیمتی اشیا گیم شو کی ہر ایپی سوڈ میں دی جاتی ہیں اور ہرگیم شو کا میزبان اپنے شو کی ریٹنگ بڑھانے کے لئے یہ دعویٰ بھی کرتا ہے کہ اس کا گیم شو پاکستان کا سب سے بڑا گیم شو ہے اور یہ بات پیسے کے حوالے سے درست بھی نظرآتی ہے۔

روزنامہ ’بزنس ریکارڈر‘ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کاروباری ادارے ان گیم شوز میں بھاری سرمایہ کاری کرکے لاکھوں روپے کا ٹیکس بچا لیتے ہیں۔

اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹیکس دینے والے رجسٹرڈ کاروباری اداروں کو اس بات کی اجازت ہوتی ہے کہ وہ اپنے بزنس کی سیلز اور پروموشن پر بھاری اخراجات کرسکتے ہیں۔

انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 (آئی ٹی او2001) کی دفعہ 20کے تحت ٹیکس دینے والے رجسٹرڈ کاروباری اداروں کو سہولت دینے کی خاطر سیلز اور پروموشن کے اخراجات انکم ٹیکس میں سے کاٹ لئے جاتے ہیں۔

آئی ٹی او 20کے تحت اس کٹوتی میں بزنس کو آگے بڑھانے کے لئے کئے گئے سال بھر کے اخراجات کاٹ لئے جاتے ہیں۔ سیکشن156آئی ٹی او2001بھی پرائز بونڈز، تحائف پرفائنل ٹیکس رجیم کے تحت انکم ٹیکس سے 20فیصدکاٹنے کی اجازت دیتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ہر وہ شخص جو پرائز بونڈ پر انعام جیتتا ہے یا ریفل یا لاٹری یا کوئز پ رانعام جیتتا ہے یا پھر کمپنیوں کی پرومومشنز پر انعام جیتتا ہے اس انعام پر 20فیصد کے حساب سے سیلز ٹیکس دیتا ہے۔

سب سیکشن 1 کے مطابق، اگر پرائز کیش نہ ہو تو ایسی صورت میں پرائز جیتنے والے کو پرائز دیتے وقت مارکیٹ ویلیو کے حساب سے اس چیز پر ٹیکس کاٹ لیا جاتا ہے۔ یہی اس چیز پر عائد حتمی ٹیکس ہوتا ہے۔

فیڈرل بیورو آف ریونیو نے اب تک ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے ان گیم شوز کے بارے میں کوئی نظام نہیں بنایا ہے۔

XS
SM
MD
LG