رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: علیحدگی پسند جنگجو کی ہلاکت پر احتجاج


فائل
فائل

ضلع پلوامہ میں ہونے والے احتجاج کے شرکا اور پولیس میں جھڑپوں کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک علیحدگی پسند جنگجو کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے احتجاج کے شرکا اور پولیس میں جھڑپوں کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ہلاکتیں کشمیر کے جنوبی ضلعے پلوامہ میں ہوئیں جہاں اتوار کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران مبینہ طور پر لشکرِ طیبہ سے تعلق رکھنے والا ایک جنگجو مارا گیا تھا۔ حکام نے جنگجو کو عادل احمد کے نام سے شناخت کیا ہے جو شمالی ضلعے بانڈی پورہ کا رہائشی تھا۔

سری نگر سے وائس آف امریکہ اردو سروس کے نمائندے یوسف جمیل نے خبر دی ہے کہ جنگجو کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر پلوامہ ضلعے کے مختلف علاقوں میں رہائشی سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی سکیورٹی اداروں کے خلاف احتجاج کیا۔

اطلاعات کے مطابق پلوامہ قصبے میں سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 24 سالہ خاتون طاہرہ ہلاک ہوگئی۔

مظاہرین کی بڑی تعداد پلوامہ کے علاقے کاکاپورہ میں اس مقام کے نزدیک بھی جمع ہوئی جہاں سکیورٹی اداروں کے ساتھ جھڑپ میں جنگجو مارا گیا تھا۔

مظاہرین کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک نوجوان دانش فاروق میر ہلاک ہوگیا۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مظاہرین کاکاپورہ میں اسی وقت جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جب وہاں جنگجووں کے ساتھ سکیورٹی اہلکاروں کا مقابلہ جاری تھا۔

مظاہرین نے مقابلے میں شریک سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور ان پر پتھراؤ کیا جس کا فائدہ اٹھا کر جنگجو کے تین ساتھی مبینہ طور پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

پلوامہ کے پولیس حکام نے کہا ہے کہ وہ مقابلے کے دوران مقامی رہائشیوں کی مبینہ مداخلت اور مظاہرین کی ہلاکت کے واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالیہ کچھ مہینوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جاری جھڑپوں کے دوران مقامی رہائشیوں کی مداخلت اور سکیورٹی اہلکار پر پتھراؤ کے واقعات میں اضافہ ہواہے جس کا مقصد حکام کے بقول سکیورٹی اہلکاروں کا دھیان بٹا کر محاصرے کا شکار جنگجووں کو موقع سے فرار کرانا ہوتا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے پلوامہ کے ضلعی مجسٹریٹ نے ایک حکم نامہ جاری کیاتھا جس میں رہائشیوں کے ایسے مقامات کے قریب جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی جہاں جنگجووں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان مقابلہ جاری ہو۔

XS
SM
MD
LG