رسائی کے لنکس

چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر دو سال کی پابندی


کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی تجویز کردہ سزا کے خلاف اس بنا پر اپیل نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کمیٹی میں "سپریم کورٹ کے سینیئر جج صاحبان رکن ہیں اور اس بات کا امکان نہیں کہ عدالت اس میں مداخلت کرے۔"

بھارت میں سپریم کورٹ کی متعین کردہ کمیٹی نے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیموں چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کو دو سال کے لیے معطل جب کہ ان سے وابستہ دو عہدیداروں پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی انڈین پریمیئر لیگ میں حالیہ برسوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور مالی بدعنوانی کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں اور رواں سال جنوری میں عدالت عظمیٰ نے ان دونوں ٹیموں سے متعلق سٹے باز کے الزامات میں سزا تجویز کرنے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔

تین رکنی کمیٹی کے سربراہ سابق چیف جسٹس راجندر لودھا نے منگل کو اپنی سفارشات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ چنئی سپر کنگز کے عہدیدار گروناتھ مییپن اور راجستھان رائلز کے شریک مالک راج کندرا پر انڈین پریمئر لیگ کے مقابلوں میں سٹے بازی اور غیر قانونی جواریوں سے رابطے ثابت ہوئے ہیں، " جو کہ کرکٹ، بھارتی کرکٹ بورڈ اور انڈین پریمیئر لیگ کی ساکھ خراب کرنے کا باعث بنے۔"

گروناتھ کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" کے چیئرمین نارائن سری نواسن کے داماد ہیں۔ ان کی کمپنی "انڈیا سیمنٹس" چنئی سپر کنگز کی ملکیت میں شراکت دار ہے۔

راج کندرا بالی ووڈ اداکارہ شلپا سیٹھی کے شوہر ہیں۔

کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی تجویز کردہ سزا کے خلاف اس بنا پر اپیل نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کمیٹی میں "سپریم کورٹ کے سینیئر جج صاحبان رکن ہیں اور اس بات کا امکان نہیں کہ عدالت اس میں مداخلت کرے۔"

ان کا کہنا تھا کہ یہ دلیل کہ دونوں عہدیداروں کی سرگرمیاں ان کا ذاتی فعل ہے اور ٹیموں کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے،"ناقابل قبول" ہے۔

"گروناتھ چنئی سپر کنگز کی ایک اہم حصہ تھے اور زیادہ تر لوگ انھیں ٹیم کی شبیہ تصور کرتے تھے۔ انھیں سٹے بازی میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔"

XS
SM
MD
LG