رسائی کے لنکس

دو نئے ڈرامہ سیریلز: ’بنٹی آئی لو یو‘ اور ’زندگی تیرے بنا‘


دونوں ڈراموں کی سب سے خاص بات یہی ہے کہ دونوں سیریلز دیکھنے والوں کو ڈرامے سے اپنائیت کا احساس ہوگا اور لگے گا کہ جیسے وہ تمام کرداروں کو جانتے ہیں۔

پاکستانی ڈرامے زیادہ تر معاشرے کے عکاس سمجھے جاتے ہیں۔ شاید ان کی دنیا بھر میں شہرت کی ایک بڑ ی وجہ یہی ہے ورنہ کچھ دوسرے ممالک خاص کر پڑوسی ملک کے ڈرامہ سیریلز ان کے اپنے معاشرے سے یکسر مختلف ہوتے ہیں۔ نجی چینل ہم ٹی وی ایسے ہی دو نئے ڈرامہ سیریلز شروع کرنے جا رہا ہے جن کی کہانی ہمارے ہی ارد گرد گھومتی ہے۔

وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں ہم ٹی وی کے ایک عہدیدار محمد منہاس صغیر نے بتایا کہ مذکورہ دونوں ڈرامہ سیریلز کی سب سے خاص بات یہی ہے کہ ان کی کہانیاں دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیں گی۔ انہیں ڈرامے سے اپنائیت کا احساس ہوگا اور لگے گا کہ جیسے وہ تمام کرداروں کو جانتے ہیں۔

بنٹی آئی لو یو
’بنٹی آئی لو یو‘ کی کہانی ایک نو عمر لڑکی دانیہ کے گرد گھومتی ہے۔ دانیہ ابھی 19سال کی ہی تھی کہ اس کی شادی کردی جاتی ہے مگر ایک بوڑھے شخص مہتاب پٹیل سے۔۔جو بہت دولت مند ہے۔کہانی کچھ آگے بڑھتی ہی ہے کہ مہتاب کا انتقال ہوجاتا ہے۔

مہتاب کی موت کے بعد اس کی جائیداد کا بہت بڑا حصہ دانیہ کے نام منتقل ہو جاتا ہے۔ اسی دوران دانیہ کی ہمدردیاں بنٹی نام کے ایک لڑکے سے وابستہ ہو جاتی ہیں مگر بنٹی دانیہ کے بجائے دوسری لڑکیوں میں دلچسپی لیتا ہے۔ دانیہ بنٹی کو کس کس طرح اپنی محبت کا احساس دلاتی ہے اور کیا وہ اپنی دلی خواہشات کو پورا کرسکے گی۔ یہی اس کہانی کا تانا بانا ہے۔

اسے تحریر کیا ہے خلیل الرحمن قمر نے۔ پروڈکش مومنہ دُرید اور ہدایات سراج الحق کی ہیں جبکہ کاسٹ میں شامل ہیں صبا قمر، نعمان حبیب، محمود اختر، مہر بانو، رضا زیدی، خواجہ سلیم اورطارق جمیل۔

زندگی تیرے بنا
’زندگی تیرے بنا‘ دو سیدھے سادے بھائیوں وقار احمد اور اقرار احمد کے خاندانوں کے گرد گھومتی ہے ۔وقا کی بیوی صفیہ منفی ذہنیت رکھتی ہے اور اکثر و بیشتر اقرار کی بیوی سمیہ سے اُلجھتی رہتی ہے حالانکہ سمیہ سلجھی ہوئی عورت ہے۔

اسی دوران اچانک اقرار کی موت ہوجاتی ہے اور سمیہ کو مجبوراً صفیہ اور وقار کی طرف دیکھنا پڑتا ہے ۔ وفار اپنی بیوی کی بدمزاجی کے ہاتھوں سخت پریشان ہے مگر وہ سمیہ سے ہمدردی رکھتا ہے لیکن یہ ہمدردی بڑھتے بڑھتے کسی اور سمت نکل جاتی ہے اور پھر حالات چونکا دینے والا رخ اختیار کرجاتے ہیں۔

’زندگی تیرے بنا‘ کی ہدایات دی ہیں اظفر علی نے جبکہ تحریر وضی شاہ کی ہے اور اداکاروں میں شامل ہیں نعمان اعجاز، سمیعہ ممتاز، شہود علوی، نادیہ افغن، ردا اصفہانی اور عمران اشرف۔
XS
SM
MD
LG