رسائی کے لنکس

ترکی: داعش پر چھاپے میں دو پولیس اہلکار، سات شدت پسند ہلاک


ترک حکام نے روان ماہ دارالحکومت انقرا میں ہونے والے دہرے خود کش حملے کا الزام داعش پر عائد کیا ہے۔ اس حملے میں100سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں پیر کو داعش کے ایک ٹھکانے پر پولیس چھاپے میں دو ترک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ سات شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترکی کے حکام شام میں مقیم شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر رہے ہیں۔

پیر کو ہونے والی جھڑپ کرد اکثریت والے شہر دیار باقر میں ہوئی جہاں پولیس نے کئی گھروں پر چھاپے مارے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ چار پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جب کہ تین شدت پسندوں کو پکڑ لیا گیا۔

ترک حکام نے رواں ماہ دارالحکومت انقرا میں ہونے والے دہرے خود کش حملے کا الزام داعش پر عائد کیا ہے۔ اس حملے میں 100سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شام میں بے گھر ہونے والے لاکھوں پناہ گزین بھی ترکی میں مقیم ہیں جن کا اندراج اقوام متحدہ نے کیا ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر کی نسبت اس برس ترکی میں شامیوں کی تعداد دگنی ہو چکی ہے۔

شام کے صدر بشار الاسد نے اتوار کو شام میں دہشت گردوں کے خطرے سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ملک میں چار سال سے جاری خانہ جنگی کا سیاسی حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

اسد نے دمشق میں روسی قانون سازوں اور دیگر اعلیٰ حکام کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنے سے شام کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی محفوظ رہے گی۔

روسی وفد کے ایک رکن الیگزینڈر یشچینکو کے مطابق صدر اسد نے کہا کہ اگر شامی عوام چاہیں تو وہ نئے صدارتی اور پالیمانی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شامی حکام اور ’’محب وطن حزب اختلاف‘‘ کے درمیان شام کے سیاسی حل کے امکان پر بات چیت کی۔

اسد گزشتہ سال تیسری مرتبہ سات سال کے لیے ملک کے صدر منتخب ہوئے۔ اس انتخاب میں صرف ان علاقوں میں پولنگ کرائی گئی جو حکومت کے قبضے میں ہیں جبکہ حزب اختلاف نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔ اس انتخاب میں صدر اسد کو 89 فیصد ووٹ ملے۔

اس وقت سے اب تک داعش نے مشرقی شام میں بڑے علاقے پر قبضہ کر لیا ہے جس میں اس شدت پسند تنظیم کا خود ساختہ دارالحکومت رقہ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG