رسائی کے لنکس

اٹلی: نئی حکومت کا قیام اور وزیر ِاعظم ہاؤس پر فائرنگ


گولی چلانے والے انچاس سالہ شخص کا تعلق اٹلی کے جنوبی حصے میں واقع کیلیبرا سے ہے، جس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس کا ارادہ سیاستدانوں پر حملہ کرنے کا تھا۔

اینریکو لیٹا نے اٹلی کے نئے وزیر ِ اعظم کے طور پر اتوار کے روز حلف اٹھا لیا ہے۔ انہیں حلف اٹھاتے ساتھ ہی اس وقت ایک ناخوشگوار واقعے کا سامنا بھی کرنا پڑا جب ایک بے روزگار شخص نے ان کے دفتر کے باہر دو پولیس افسروں کو گولی مار دی۔

گولی چلانے والے انچاس سالہ شخص کا تعلق اٹلی کے جنوبی حصے کے علاقے کیلیبرا سے بتایا جاتا ہے، جس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس کا ارادہ سیاستدانوں پر حملہ کرنے کا تھا۔

ایک پولیس افسر کی گردن میں گولی ماری گئی جس سے اسکی ریڑھ کی ہڈی کو بھی نقصان پہنچا۔ ڈاکٹرز کے مطابق پولیس افسر کی حالت نازک ہے۔ جبکہ دوسرے پولیس افسر کو ٹانگ میں گولی ماری گئی۔


اٹلی گذشتہ بیس سالوں سے اپنے طویل ترین معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ دوسری طرف اٹلی میں گذشتہ چند ماہ سے حکومت نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں پریشانی اور غم و غصے کے جذبات پائے جاتے ہیں۔

اٹلی کے نئے چھیالیس سالہ اینریکو لیٹا کا کہنا ہے کہ ان کا پہلا کام ملک کی معیشت کو بہتر بنانا ہوگا اور ملک میں بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا جو چالیس فیصد کی شرح تک پہنچ چکی ہے۔

گولیاں چلانے والا شخص روزارنو کے علاقے سے تعلق رکھتا ہے جہاں بے روزگاری کی شرح اٹلی میں پائے جانے والی بے روزگاری کی شرح سے نسبتا زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG