رسائی کے لنکس

یروشلم: چاقووں کے وار سے دو اسرائیلی زخمی


فائل

فائل

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور 16 سالہ فلسطینی نوجوان تھا جسے سپر مارکیٹ کے ایک محافظ نے گولی مار کر زخمی کردیا ہے۔

مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے میں ایک فلسطینی نوجوان کے چاقووں کے وار سے دو اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق واقعہ بدھ کو یروشلم کے مشرق میں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں قائم 'مالے ادومیم' نامی ایک بڑی یہودی بستی کے نزدیک موجود سپر مارکیٹ میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور 16 سالہ فلسطینی نوجوان تھا جسے سپر مارکیٹ کے ایک محافظ نے گولی مار کر زخمی کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق نوجوان کے حملے کا نشانہ بننے والے دونوں افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے حملہ آور کے زخموں کے نوعیت نہیں بتائی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیلی حکام کی جانب سے یروشلم میں قائم مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مذہبی مقام 'مسجدِ اقصیٰ' میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگائے جانے کے بعد اسرائیل کے عرب اکثریتی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا جو پابندی کے خاتمے کے باوجود تاحال برقرار ہے۔

کشیدگی کے اس لہر کے زیرِ اثر حالیہ ہفتوں کے دوران فلسطینی باشندوں کی جانب سے اسرائیلی شہریوں پر حملوں کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن میں اب تک 11 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی پولیس کی جوابی کارروائیوں میں 12 فلسطینی بھی مارے گئے ہیں جن میں اکثریت اسرائیلی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کی تھی۔

اس سے قبل پیر کو بھی ایک فلسطینی خاتون نے یروشلم کے نزدیک یہودی آبادکاروں کی ایک بستی میں چاقووں کے وار کرکے ایک اسرائیلی شہری کو زخمی کردیا تھا۔

بعد ازاں حملہ آور خاتون اسرائیلی پولیس اہلکار کی گولی کا نشانہ بننے کے بعد خود بھی زخمی ہوگئی تھی جو اس وقت اسرائیلی پولیس کی تحویل میں ہے۔

XS
SM
MD
LG