رسائی کے لنکس

فلپائن: سمندری طوفان شمالی ساحل سے ٹکراگیا


طوفان کے زیرِ اثر 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں
طوفان کے زیرِ اثر 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں

حکام نے کاگایان اور ازابیلا صوبوں کے زیریں علاقوں سے لگ بھگ ڈھائی ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

فلپائن کے نزدیک سمندر میں جنم لینے والا انتہائی طاقت ور طوفان 'نول' فلپائن کی شمال مشرقی ساحلی پٹی سے ٹکراگیا ہے جس کے باعث حکام نے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

حکام کے مطابق 'کیٹگری 5' کا طوفان اتوار کی شام فلپائن کے صوبے کاگایان سے ٹکراگیا ہے جو دارالحکومت منیلا سے 400 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

طوفان کے زیرِ اثر 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن کے باعث صوبے کے 10 لاکھ آبادی والے دارالحکومت ٹوگو گاراؤ میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔

حکام نے کاگایان اور ازابیلا صوبوں کے زیریں علاقوں سے لگ بھگ ڈھائی ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

فلپائن کے محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان کا قطر 100 کلومیٹر کے لگ بھگ ہے جو 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور منگل کو جاپان کے جنوبی علاقوں سے ٹکرائے گا۔

محکمۂ موسمیات کے سربراہ ایسپیرانزا کایانن کے مطابق طوفان کی رفتار کم ہورہی ہے لیکن اس کے تحت چلنے والی ہوائیں زور پکڑ رہی ہیں جس سے طوفان کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

فلپائن میں قدرتی آفات سے نبٹنے کے قومی ادارے نے طوفان کے راستے میں آباد بستیوں کے رہائشیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔

ادارے کے مطابق طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی، پہاڑوں پر شدید بارشوں اور تیز ہوائیں چلنے کا خطرہ ہے۔

فلپائن کے محکمۂ موسمیات نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ طوفان کے باعث پہاڑی صوبے کاگایان میں لینڈ سلائیڈنگ اور زیریں علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے جب کہ طوفان کے 100 کلومیٹر کے قطر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

طوفان کے باعث شمالی فلپائن کو جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ کئی مسافر کشتیوں اور جہازوں کوبھی بندرگاہوں سے نکلنے سے روک دیا گیاہے۔

حکام کا کہناہے کہ پروازوں کی منسوخی اور بحری جہازوں کی روانگی میں تعطل کے باعث ہفتے سے اتوار کی شام تک لگ بھگ پانچ ہزار مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

فلپائن کے شمالی صوبوں کی حکومتوں نے امدادی اہلکاروں کو چوکنا کردیا ہے جب کہ امدادی سامان بھی طوفان سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں پہنچادیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ساحلی اور زیریں علاقوں میں سیلاب آنے کی صورت میں رہائشیوں کو بلند مقامات کی جانب منتقل کرنے کے لیے ٹرک بھی تیار ہیں۔

اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث فلپائن ہر سال اوسطاً 20 طوفانوں کا سامنا کرتا ہے جن میں سے پانچ شدید نوعیت کے ہوتے ہیں۔

لیکن حالیہ برسوں میں ان طوفانوں کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جسے ماہرین 'گلوبل وارمنگ' کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

سنہ 2013ء میں 'کیٹگری 5' کے طوفان 'ہیان' کے باعث وسطی فلپائن میں آٹھ ہزار افراد ہلاک اور لاپتا ہوگئے تھے جب کہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر ہونا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG