رسائی کے لنکس

’اُوبر کمپنی‘ کے بانی پر جنوبی کوریا میں فرد جرم عائد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں قائم اس کمپنی کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولت کے بارے میں کئی ممالک میں مسافروں کی سلامتی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

جنوبی کوریا میں استغاثہ نے سمارٹ فون ’ایپ‘ کے ذریعے ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی اُوبر کمپنی کے بانی امریکی شہری پر الزامات عائد کیے ہیں۔

اُوبر کے سربراہ ٹرویس کالانک کے خلاف غیر لائسنس یافتہ ٹیکسی سروس پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اُوبر سمارٹ فون ایپ کو استعمال میں لاتے ہوئے صارفین کو ٹیکسی گاڑیوں تک رسائی کی سہولت فراہم کرتی ہے جب کہ لوگوں کو موبائل فون کے ہی ذریعے کرائے کی ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

امریکہ میں قائم اس کمپنی کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولت کے بارے میں کئی ممالک میں مسافروں کی سلامتی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

حال ہی میں بھارت میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کی خاتون مسافر سے زیادتی کے الزام کے بعد اس بارے میں ظاہر کیے جانے والے خدشات میں اضافہ ہوا۔

رواں ماہ کے اوائل میں سیئول کے حکام نے غیر لائسنسں یافتہ اُوبر آپریٹرز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا اور ان لوگوں کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا جو اس بارے میں معلومات دیں گے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ بدھ کو عائد کیے گئے الزامات کا کا لانک پر کیا اثر ہو گا۔ ایک مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے عہدیدار اس الزام کے تحت کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائیں گے۔

XS
SM
MD
LG