رسائی کے لنکس

برطانیہ: تکنیکی خرابی کے باعث سینکڑوں پروازیں متاثر


ہفتے کی صبح نشنل ائیر ٹریفک سینٹر کے ہیڈ کوارٹر سوانویک میں جو ہمپشائر میں واقع ہے ایک بڑی خرابی پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں ہیتھرو ہوائی اڈے سے تقریبا دو سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

برطانیہ کے مرکزی ائیر ٹریفک کنٹرول سینٹر میں تکنکی خرابی پیدا ہوجانے کے نتیجے میں برطانوی ہوائی اڈوں پرسینکڑوں پروازوں کی آمد اور روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں اور ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ہفتے کی صبح نشنل ائیر ٹریفک سینٹر کے ہیڈ کوارٹر 'سوانویک' جو ہمپشائر میں واقع ہے ایک بڑی خرابی پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں ہیتھرو ہوائی اڈے سے تقریبا 200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

جبکہ دیگر برطانوی ہوائی اڈوں پر بھی پروازں کی آمد اور روانگی بھاری تاخیر کا شکار ہیں جن کے بارے میں توقع ہے کہ انھیں بھی دن میں کسی وقت منسوخ کر دیا جائے گا۔ متاثرہ اہم ہوائی اڈوں میں ہیتھرو، اسٹینسٹیڈ، کارڈف، ڈبلن اور گلاسگو کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔

برطانوی ٹی وی اسکائی کی خبر کے مطابق، ائیر ٹریفک کنٹرول فراہم کرنے والے مرکزی سینٹر میں خرابی معمول کے آپریشن کے دوران اسوقت پیدا ہوئی جب کمپیوٹر سسٹم کا خود کار نظام رات کے آپریشن کو دن کے آپریشن میں تبدیل کرنے میں ناکام ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ لندن کا مصروف ترین ہوائی اڈا ہیتھرو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں برٹش ائیرویز نے اپنی 150 سے زائد پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے جبکہ مختصر فاصلے کی یورپی اور اندرونی پروازوں کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔

مانچسٹر، برمنگھم، لٹن، ساؤتھ ہمپٹن، نیو کاسل، ایڈنبرگ، ایکسیٹر کے ہوائی اڈوں پر بھی پروازیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں جن کے بارے میں مسافروں کو کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی ائیرلائن سے اس بارے میں معلومات حاصل کریں۔

ائیر ٹریفک کنٹرول کے ترجمان نے مسافروں سے پروازوں کی تاخیر پر معزرت کا اظہار کیا اور بتایا کہ موجودہ تکنیکی مسئلہ سوفٹ وئیر میں خرابی پیدا ہو جانے کے مسئلے سے کہیں زیادہ گھمبیر ہے جسے دور کرنے کے لیے انجینئیرز مسلسل کوشش کر رہے ہیں لیکن اطلاع کے مطابق، آج شام 6 بجے سے پہلے اس خرابی کو دور نہیں کیا جاسکے گا۔
XS
SM
MD
LG