رسائی کے لنکس

برطانیہ: امتحانات کا ’ٹائم ٹیبل‘ رمضان کے مطابق بنانے کا اعلان


امتحانی بورڈز نے بہت سے مسلم تنظیموں کے ساتھ مشاورت کی ہے، جس کا مقصد یہ تھا کہ طلبہ سے مقبول مضامین کے امتحانات رمضان المبارک میں نا لیے جائیں۔

برطانیہ کے امتحانی بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال موسم گرما میں ہونے والے 'جی سی ایس ای' اور 'اے لیول' سطح کے سالانہ امتحانات کا ٹائم ٹیبل رمضان المبارک کے مطابق بنایا جائے گا کیونکہ، اس مہینے میں مسلمان طلبہ روزہ رکھتے ہیں۔

برطانیہ، ویلزاور آئر لینڈ کے امتحانی بورڈز کی نمائندگی کرنے والے امتحانی بورڈ جوائینٹ کونسل آف کوالی فیکیشن یا (جے سی کیو ) نے بدھ کو ایک اعلامیہ میں کہا کہ رمضان المبارک میں امتحانات کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے اگلے تین سالوں کے لیے برطانیہ بھر میں ’جی سی ایس ای‘ اور ’اے لیول‘ سطح کے سالانہ امتحانات کا ٹائم ٹیبل تبدیل کیا جائے گا۔

رمضان المبارک کا مہینہ اگلے دو برس بھی اسکول اور کالج کے سالانہ امتحانات کے زمانے میں شروع ہو گا جبکہ پیش گوئی کے مطابق 2017ء میں رمضان 27 مئی اور 2018 ء میں 16 مئی سے شروع ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق، امتحانی بورڈ کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے میں مسلم طلبہ روزے کی حالت میں امتحان دینے میں پریشان ہوں گے اس لیے، امتحانی بورڈز نے بہت سے مسلم تنظیموں کے ساتھ مشاورت کی ہے، جس کا مقصد یہ تھا کہ طلبہ سے مقبول مضامین کے امتحانات رمضان المبارک میں نا لیے جائیں۔

امتحانی بورڈ کے مطابق اگرچہ اب بھی کئی مضامین کے امتحانات رمضان کے دوران ہی لیے جائیں گے جو کہ اس سال جون کے آغاز سے شروع ہو رہا ہے۔

امتحانی بورڈز کا کہنا ہے کہ مسلمان طلبہ کی سہولت کے پیش نظر جہاں تک ممکن ہو گا جی سی ایس ای اور اے لیول کے اہم مضامین کا پرچہ رمضان سے پہلے لینے کی کوشش کی جائے گی۔

اس تجویز پر بھی غور و خوض کیا جا رہا ہے کہ اس سال رمضان کی وجہ سے امتحانات کا ٹائم ٹیبل صبح کے وقت میں کر دیا جائے۔

امتحانی بورڈ کے مطابق اہم امتحانات جیسا کہ انگریزی اور ریاضی کے پرچے کا ٹائم ٹیبل رمضان شروع ہونے سے پہلے کر دیا جائے گا لیکن، بہت سے مضامین کے امتحانات رمضان المبارک کے مہینے میں ہی لیے جائیں گے۔

جے سی کیو کے ترجمان نے کہا کہ امتحانات لینے کے لیے ہمارے پاس بہت قلیل وقت ہوتا ہے، جس میں بڑی تعداد میں امیدوار بیٹھتے ہیں جبکہ، طلبہ کے لیے دستیاب مضامین کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے ایسے میں ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کرنا بہت ہی مشکل ہے لیکن اس کے باوجود جہاں تک ممکن ہوتا ہے امتحانی بورڈ تمام گروپوں کی ضرویات کا خیال کرتا ہے۔

سرکاری محکمہ تعلیم نے کہا کہ امتحانات کے ٹائم ٹیبل کی تیاری کا معاملہ امتحانی بورڈز جے سی کیو اور اس کے رکن امتحانی بورڈز کا فیصلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG