رسائی کے لنکس

برطانیہ میں سال کا اب تک کا گرم ترین دن


برطانوی محکمہٴ موسمیات نے کل بھی گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے اور بدھ کے روز درجہٴ حرارت میں مزید اضافے کے لیے تیار رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے

برطانیہ میں اس ہفتے غیر معمولی گرمی کا زور جاری ہے اور آج ملک کے طول و عرض میں سال کا اب تک کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برطانوی محکمہٴ موسمیات نے کل بھی گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے اور بدھ کے روز درجہٴ حرارت میں مزید اضافے کے لیے تیار رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

منگل کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں درجہٴ حرارت 32.9 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں درجہٴ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمے کے مطابق، موجودہ گرمی کی لہر اس ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گی۔

محکمہٴ موسمیات نے 19 جولائی کو گرمی کی لہر کی تیسرے درجے کی انتباہ جاری کی ہے اور گرمی کی شدت کے پیش نظر لوگوں کو سورج کی تپش سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہٴ موسمایت کی ترجمان ایما شارپ لیس نے کہا کہ آج لندن میں ہیتھرو پر درجہٴ حرارت 32 سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا، جبکہ لندن کے بعض علاقوں میں درجہٴ حرارت 32سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ رہا ہے، توقع ہے کہ کل 30 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر داراحکومت میں شدید فضائی آلودگی لے کر آئی ہے جس سے مریضوں اور خاص طور پر سانس کے مریضوں، بزرگ افراد اور بچوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور اس ضمن میں انھیں دھوپ سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

شدید گرمی نے آج لوگوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا خاص طور پر منگل کے روز دارالحکومت لندن کی زیر زمین ٹرینوں اور بسوں کے راستوں پر افراتفری نظر آئی۔

لندن میں آج ٹرینوں کی پٹڑیوں کے پگھلنے کے خوف سے کئی ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ گرمی کی وجہ سے ریل کمپنیوں پر آج ٹرین کی رفتار کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

لندن بھر کے ٹیوب اسٹیشنوں خاص طور پر واٹرلو اسٹیشن اور پیڈنگٹن ٹیوب اسٹیشن پر ٹرینوں کی تاخیر کی وجہ سے آج شام ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے جو سخت گرمی میں گھر واپسی کے لیے ٹرینوں کا انتظار کررہے تھے۔

لندن ٹرانسپورٹ یا ’ٹی ایف ایل‘ کی طرف سے ٹیوب کے مسافروں کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش میں آج 250,000 پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئی ہیں۔

داراحکومت لندن کی ایمبولیس سروس نے لندن کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی کے دنوں میں اپنی دیکھ بھال کریں۔

محکمے کا کہنا ہے کہ اسے آج معمول سے 300 سے زائد کالیں ایسے مریضوں کی موصول ہوئی ہیں جو گرمی کی لہر کے اثرات کی وجہ سے شدید بیمار ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ محکمہٴ موسمیات کے 30 سالہ ریکارڈ میں جولائی ایک معتدل گرم مہینہ رہا ہے، جس میں عام طور پر درجہٴ حرارت 22 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG