رسائی کے لنکس

برطانیہ میں گرمی کی لہر


جل تھل موسم اور یخ بستہ ہوائیں یہاں لوگوں کو سال بھر جیکٹ اور چھتری اٹھانے پر مجبور کر دیتی ہیں، اور اکثر موسم گرما بھی یہاں سے نظریں چرا کر گزر جاتا ہے

برطانیہ میں اِن دِنوں گرمی کی لہر آئی ہوئی ہے جس نے یہاں رہنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔ محکمہٴ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار 7 جولائی سال کا اب تک کا سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے، جب لندن میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

برطانوی محکمہٴموسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ جولائی میں یورپ سے برطانیہ میں گرم ہوائیں داخل ہو رہی ہیں جس سے اس ماہ بارشوں کا زور کم رہے گا اور موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی سال کا گرم ترین مہینہ ثابت ہو سکتا ہے، جس میں سورج برطانیہ کے زیادہ تر حصوں میں پورے آب وتاب سے چمکے گا۔

نیلا آسمان اور روشن دن کی پیشن گوئی برطانوی عوام کے لیے کسی خوشخبری سے کم نہیں ہے، جنہیں سورج اور کالی گھٹاؤں کے درمیان آنکھ مچولی دیکھنے کی عادت ہے۔

جل تھل موسم اور یخ بستہ ہوائیں یہاں لوگوں کو سال بھر جیکٹ اور چھتری اٹھانے پر مجبور کر دیتی ہیں اور اکثر موسم گرما بھی یہاں سے نظریں چرا کر گزر جاتا ہے۔

لیکن، اس سال موسم گرما کے چمکتے دمکتے سورج کی کرنوں نے لوگوں کے چہروں کو بھی روشن کر دیا ہے۔ جولائی کی پہلی ہفتہ وار چھٹی پر ہزاروں لوگوں نے دن کی روشنی کو بھرپور طریقے سے ’انجوائے‘ کرنے کے لیے سمندر کا رخ کیا۔

اتوار کے روز لندن کے'ساؤتھ اینڈ 'ساحل سمندر پر اچھلتی کو دتی لہروں کے ہمراہ اٹھکیلیاں کرتے ہوئے سینکڑوں لوگ موجود تھے، وہیں ساحل سمندر پر دھوپ سینکنے کےخواہش مندوں کا بھی جمگھٹا موجود تھا۔ بچے گیلی ریت پر بھاگتے دوڑتے رہے تو کہیں ریت کے گھروندے بنائے گئے۔ ساحل سمندر پر موجود ایڈونچر پارک میں بھی بہت رش نظر آیا، جہاں جھولوں میں بچوں کے ساتھ والدین بھی پرانی یادیں تازہ کرتے نظر آئے۔

ٹھنڈے مشروبات اور آئس کریم بیچنے والوں کے بیچ کھوپرا یا چاٹ چھولے اور گول گپےکے ٹھیلے کی بہت یاد آئی، نظریں تو اونٹ سواری کرانے والےکی تلاش میں بھی بھٹکتی رہیں شاید سمندر کے ساتھ ان لوگوں کا وجود بھی جڑا ہوا ہے جن کی کمی پردیس میں رہنے والے ضرورمحسوس کرتے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، 'بورن ماؤتھ' کے طویل ساحل پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد دیکھنے میں آئی ایک اندازے کے مطابق تقریبا ڈھائی لاکھ افراد کا مجمع جنوب مغربی ساحلی پٹی پر جمع تھا۔

واضح رہے کہ محکمہٴ موسیمات کے 30 برسوں کے ریکارڈ میں جولائی ایک معتدل گرم مہینہ رہا ہےجس میں عام طور پردرجہٴ حرارت 20 سینٹی گریڈ تک رہتا ہے،جبکہ رواں برس بہار کا موسم 1962ء سے اب تک کا سب سے ٹھنڈا اور بارشوں والا موسم بتایا گیا ہے، جب مارچ میں درجہ حرارت انتہائی تیزی سے گرا اور یہ مہینہ دسمبر، جنوری اور فروری کی نسبت زیادہ سرد رہا۔

موسم گرما میں برطانیہ میں موسم زیادہ تر معتدل رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ گرم ممالک سے ہر سال لوگ گرمیوں کی چھٹیاں منانے کے لیے یہاں آتے ہیں۔ اگرچہ برطانوی اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز نہیں ہوا ہے، لیکن لندن کےتفریحی مقامات پر لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔
XS
SM
MD
LG