رسائی کے لنکس

برطانیہ: فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے حق میں قرارداد منظور


قرارداد میں کہا گیا کہ " ایوان کا ماننا ہے کہ دو ریاستی حل میں حصہ ڈالنے کے لیے حکومت کو چاہیے اسرائیل کے ساتھ فلسطین کو بھی علیحدہ ریاست تسلیم کرے۔"

برطانیہ کے ایوان زیریں یعنی دارالعوام نے فلسطین کو علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے حق میں ایک قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی ہے۔

اس قرارداد کا حکومت کی خارجہ پالیسی پر تو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن یہ بین الاقوامی سطح پر قبولیت کی فلسطینی کوششوں کے لیے ایک علامتی حیثیت ضرور رکھتی ہے۔

پیر کو اس قرارداد کے حق میں 274 ووٹ اور مخالفت میں 12 ووٹ پڑے۔

برطانیہ فلسطین کو ایک علیحدہ ریاست تسلیم نہیں کرتا لیکن اس کا کہنا ہے کہ اگر وہ سمجھے گا کہ ایسا کرنے سے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کے لیے مدد ملے گی تو ایسا کیا جاسکتا ہے۔

حزب مخالف کے ایک قانون ساز کی طرف سے پیش کی گئی اس قرارداد پر رائے شماری کے لیے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون موجود نہیں تھے۔ ان کے ایک ترجمان اس سے قبل کہہ چکے تھے کہ رائے شماری کے نتیجے کا خارجہ پالیسی پر اثر نہیں پڑے گا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ " ایوان کا ماننا ہے کہ دو ریاستی حل میں حصہ ڈالنے کے لیے حکومت کو چاہیے اسرائیل کے ساتھ فلسطین کو بھی علیحدہ ریاست تسلیم کرے۔"

یہ قرارداد ایک ایسے وقت منظور کی گئی ہے جب سویڈن کی نئی حکومت فلسطین کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے جارہی ہے۔ اسرائیل سویڈن کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہ چکا ہے کہ خودمختار فلسطین صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG