رسائی کے لنکس

برطانیہ : نیشنل سائنٹسٹ آف دا ائیر' سارہ صبوکا '


اس سال برطانیہ کی نوجوان سائنس دان کا خطاب سارہ صبوکا کو ملا ہے جنھوں نے پھپھڑوں کی موروثی بیماری کے علاج کےحوالے سے تحقیقی منصوبہ پیش کرنے پر 'یوکے ینگ سائنٹسٹ آف دا ائیر 2015ء کا خطاب حاصل کیا ہے۔

لڑکیاں سائنس کے شعبے میں بھی اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں. جس کی ایک مثال سارہ صبوکا ہیں جنھوں نے برطانیہ کا قومی سائنس اینڈ انجنیئرنگ مقابلہ جیت کر برطانیہ کی ینگ سائنٹسٹ آف دا ائیر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

اس سال برطانیہ کی نوجوان سائنس دان کا خطاب سارہ صبوکا کو ملا ہے جنھوں نے پھپھڑوں کی موروثی بیماری کے علاج کے حوالے سے تحقیقی منصوبہ پیش کرنے پر 'یوکے ینگ سائنٹسٹ آف دا ائیر 2015' کا خطاب جیتا یے۔

17سالہ سارہ صبوکا نےسسٹک فائبروسس نامی پھپھڑوں کی ایک خطرناک بیماری کے ابتدائی علاج کا پتہ لگانے میں مدد کرنے اور لوبی پرسٹون نامی دوا پر اپنا تحقیقی منصوبہ پیش کیا تھا۔

سسٹک فائبروس پھپھڑوں کو ناکارہ بنانے والی ایک جینیاتی بیماری ہے جس میں پھپھڑوں میں بلغم بھر جاتا ہے۔ اس بیماری میں پھپھڑے اور نظام انہضام گاڑھے مواد سے بھر جاتا ہے اور انفیکشن کی وجہ سے پھپھڑوں میں سوزش بڑھ جاتی ہے اور آخر کار اس کے نازک بافتوں کے نقصان سے پھپھڑے ناکارہ ہو جاتے ہیں۔ اس بیماری کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا ہے یہ بیماری ہاضمے کے نظام کو بھی متاثر کرتی ہے۔

سارہ صبوکا نے اس سال اے لیول بائیولوجی، کیمسٹری، ریاضی اور عربی زبان کے مضامین کے ساتھ مکمل کیا ہے اور وہ شیفیلڈ یونیورسٹی میں میڈیسن کی طالبہ ہیں۔

یہ تحقیقی منصوبہ گزشتہ برس شیفیلڈ یونیورسٹی میں منعقد ہوا تھا جہاں انھوں نے نوفیلڈ تحقیق کا منصوبہ ڈاکٹر رابسن کے ساتھ مکمل کیا اور 2015ء کے نیشنل سائنس اینڈ انجنیئرنگ میلے میں پیش کیا۔

شیفیلڈ ہائی اسکول کی سابق طالبہ سارہ صبوکا نے اپنے منصوبے میں سسٹک فائبروسس میں مبتلا مریضوں کی مدد کرنے کےحوالے سے ایک دوا لوبی پرسٹون پر جانچ پڑتال کی جو عام طور پر عورتوں میں آنتوں کے سینڈروم کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

سارہ صبوکا کے منصوبے کا مقصد یہ تھا کہ کیا اس دوا کی کسی خاص خصوصیت کو سسٹک فائبروسس کے علاج کے لیے نئی اور موثر دوا تیار کرنے کے لیے لاگو کیا جاسکتا ہے۔

برٹش سائنس ایسوسی ایشن کے مطابق سارہ نے ججوں کو اپنے پراجیکٹ کی تحقیقات سے بے حد متاثر کیا۔ ججز کے پینل کے چیئر جم ال خلیلی نے کہا کہ سارہ ناقابل یقین حد تک ہوشیار ہیں اس نے واضح اور قابل فہم انداز میں اس منصوبے کو وضاحت کے ساتھ سب کے سامنے پیش کیا ہے۔

سارہ نے اس موقع پر بتایا کہ ان کا تعلق لیبیا سے ہے انھوں نے 2011 میں تیونس میں مہاجرین کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کے لیے کیمپوں کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھیں پناہ گزینوں کے کیمپوں میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد اور ڈاکٹروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تھا جس کے بعد انھوں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ بھی مستقبل میں میڈیسن کی تعلیم حاصل کریں گی اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہیں گی ۔

اس سال نیشنل سائنس اینڈ انجنیئرنگ مقابلہ بہت سخت تھا جس میں 2000 سے زائد اسکولوں کے اندراجات کے ساتھ 202 منصوبے پیش کئے گئے۔

بگ بینگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میلے کی تقریب میں ساہ صبوکا نے قومی نوجوان سائنس دان کا قابل قدر اعزاز اپنے نام کیا اور ٹرافی کے ساتھ انعام میں 2000 پونڈ کی نقد رقم کے ساتھ پچاس ہزار پونڈ کا بین الاقوامی ایکسپیرینس ایوارڈ بھی حاصل کیا ہے۔

نیشنل سائنس اینڈ انجنیئرنگ مقابلہ ایک سالانہ تقریب ہے جس میں 11 سے 18 سال کے طلبہ اور طالبات حصہ لے سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG