رسائی کے لنکس

برطانیہ میں تیز ہواؤں اورطوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی


ماحولیاتی ادارے نے جنوبی اسکاٹ لینڈ، شمالی آئر لینڈ اور برطانیہ کے بیشتر حصوں میں شدید موسم کا انتباہ جاری کیا ہے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارشوں نے پیر سے برطانیہ کے طول و عرض کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور آمد و رفت کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

ماحولیاتی ادارے نے جنوبی اسکاٹ لینڈ، شمالی آئر لینڈ اور برطانیہ کے بیشتر حصوں میں شدید موسم کا انتباہ جاری کیا ہے اور تیز ہواؤں کےساتھ بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ ملک کے جنوبی اور مغربی حصوں کے لیے سیلاب کے خطرہ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

موسمیاتی ادارےکے مطابق، بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث ملک کے زیادہ تر حصوں میں طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے او رباد و باراں کا سلسلہ پورے ہفتے جاری رہنے کی توقع ہے۔

ملک کےشمالی اور مشرقی حصوں سمیت شمالی ویلز میں 50 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں اور بارشوں کا انتباہ بدھ کے لیے جاری کر رکھا ہے۔

ماہر موسمیات ڈین ولیم نے منگل کی رات درجہ حرارت میں کمی آجانے سے شمالی برطانیہ کے بعض مقامات پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ جمعرات کو ہواؤں کی شدت میں کمی آسکتی ہے لیکن جمعہ کے دن ایک بار پھر سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

برطانیہ کے بیشتر علاقوں خاص طور پر مغربی حصوں اور یورک شائر سمیت دارالحکومت لندن کے شمال مغربی حصے پیر کی شب سے طوفانی ہواؤں، ژالہ باری اور موسلادھار بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں، سڑکوں اور ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کو منگل کو کام سے گھروں تک پہنچنے میں رکاوٹوں کا سامنا رہا۔

پولیس اور آگ بجھانے والے عملے کی اطلاعات کے مطابق پیر اور منگل کی رات بھر چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں شاہراوں پر درختوں کے گرنے سے سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور اکثر مقامات پر ریل کی بحالی کے کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

یاد رہے کہ یہ طوفان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب برطانیہ میں لوگ ایسٹر کی تعطیلات منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور زیادہ تر اہم شاہراہوں پر تعطیلات منانے کے لیے جانے والوں کی وجہ سے ٹریفک جام رہتا ہے۔ لیکن گذشتہ رات سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے باعث سڑکوں پر درخت گرنے کے واقعات کے نتیجےمیں مسافروں کو اہم ترین شاہراوں پر طویل تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

منگل کو تقریباً 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طاقتور ترین ہواؤں نے شمالی برطانیہ میں شیفیلڈ کے نزدیک بریڈ فیلڈ اور نور فوک، مانچسٹر، برمنگھم، بریڈ فورڈ، سومر سیٹ اور برسٹل میں تباہی پھیلا دی ہے۔

علاوہ ازیں ملک کے طول وعرض میں چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث مانچسٹر کے ہوائی اڈے پر طیاروں کو لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا رہا۔

دریں اثناء برطانوی ہوائی اڈوں پر فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو تاخیر اور منسوخی کے حوالے سے باخبر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق ملک کے مغربی حصے کے حالات زیادہ خراب ہیں جہاں لندن میں ایک اسپتال کی پانچویں منزل کی کھڑکی گرنے کے نتیجے میں ایک بیس سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ مانچسٹر میں ایک گھر پر بیس فٹ کا در خت گرنے سے مکان تباہ ہو گیا تاہم مکین محفوظ رہے جو ایسٹر کی تعطیلات کی وجہ سے گھر پر موجود نہیں تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر ملک بھر میں لگ بھگ 16 لاکھ افراد سڑکوں کے ذریعے آمدو رفت کرتے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں پر گڈ فرائیڈے اور ایسٹر سنڈے کی تعطیلات کے دنوں میں سال کا مصرف ترین ٹریفک نظر آتا ہے۔

XS
SM
MD
LG