رسائی کے لنکس

اپوزیشن جماعت لیبر کی رکن پارلیمان جو کوکس کو ملک بھر میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ شمالی انگلینڈ میں ان کے حلقے بیٹلے اینڈ اسپین میں جائے وقوع پر سوگواروں کا تانتا بندھا ہوا ہے انھوں نے وہاں پھول اور تعزیتی پیغامات رکھے ہیں۔

ہم برطانوی خاتون رکن پارلیمان جوکوکس کے بارے میں بہت زیادہ نہیں جانتے تھے اور یہ بھی نہیں جانتے ہیں کہ حملہ آور نے انھیں اسقدر بے رحمی سے کیوں مارا ،لیکن ایک بات جو اب ہم جان گئے ہیں کہ لیبر کی رہنما جو کوکس ایک ہمدرد اور انسان دوست تھیں،جنھوں نےلاکھوں لوگوں کے دلوں کو چھوا ہے۔

یہ واقعہ یورپی اتحاد کی رکنیت کے اہم ریفرنڈم سے ٹھیک ایک ہفتے قبل پیش آیا۔

قاتلانہ حملے سے قبل جو کوکس جو یورپی اتحاد کی حامی تھیں،یورپی ریفرنڈم کےحوالے سے اپنے حلقے کی بیر اسٹال لائبریری میں ہفتہ وار میٹنگ کر رہی تھیں۔

اپوزیشن جماعت لیبر کی رکن پارلیمان جو کوکس کو ملک بھر میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

شمالی انگلینڈ میں ان کے حلقے بیٹلے اینڈ اسپین میں جائے وقوع پر سوگواروں کا تانتا بندھا ہوا ہے انھوں نے وہاں پھول اور تعزیتی پیغامات رکھے ہیں۔

اکتالیس برس کی خاتون رکن پارلیمان جو کوکس پر جمعرات کو بیر اسٹال کی مارکیٹ اسٹریٹ پر حملہ ہوا جب ایک 52 سالہ شخص ٹومی میئر نے دن دھاڑے ان پر گولی چلائی اور چاقو سے حملہ کیا، بعد میں وہ زخموں کی تاب نا لا کر اسپتال میں دم توڑ گئی تھیں۔

جو کوکس کے احترام میں جمعہ کو ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ لندن میں ان کی رہائش گاہ اور پارلیمنٹ کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن اور ہاوس آف کامن کے اسپیکر جان بارکو جمعہ کو ایک ساتھ لیبر کی رہنما کےحلقے میں پہینچے اور جائے واردت کا دورہ کیا اور وہاں پھول رکھے۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم جو کی موت پر غم ذدہ ہے اور اگر آپ واقعی جو کا احترام کرنا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں اس کی اقدار کو تسلیم کرنا ہوگا، خدمت ، رواداری اور برداشت کی اقدار جن کے ساتھ وہ جیتی تھی اور اسی کے لیے کام کیا ہے۔

لیبر کے رہنما جیریمی کوربن نےکہا کہ جو کو ایک روز پہلے یہاں بڑی بے رحمی سے قتل کردیا گیا یہ وہ ٹاون ہے،جس سے اسے محبت تھی اسی جگہ میں وہ پلی بڑھی تھی ، یہاں وہ مختلف کمیونیٹیوں کی خدمت کررہی تھی جن سے اسے محبت تھی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسے نفرت کے ایک عمل نے ہم سے چھین لیا جو کچھ کل ہوا وہ جمہوریت پر ایک حملہ تھا۔

جو کوکس کو ان کے عزم ، وابستگی اور کمیونٹی خدمات کے لیے بچوں ، بوڑھوں اور مختلف مذہبی پس منظر رکھنے والے لوگوں نےخراج عقیدت پیش کیا ہے۔

لوگوں نے جو سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے تعزیتی پیغامات رکھے ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ جو کی کمی کو کتنا زیادہ محسوس کیا جائے گا۔

جو کو یاد کرنے کے لیے جمع ہونے والوں میں دو مقامی افراد جناب محمد صادق اور ساجد شریف بھی شامل تھے۔ انھوں نے وی او اے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو ہنس مکھ خاتون تھیں، وہ اپنی کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ گھل مل جاتی تھیں۔ انھوں نے مختصر سے عرصے میں اپنے حلقے کی بہتری کے لیے کافی کام کیا ہم بس اتنا کہہ سکتے ہیں کہ وہ شاندار خاتون تھیں ہم نے ایک بہترین انسان کو کھو دیا ہے۔

لیزلی پھول رکھتے ہوئے آبدیدہ تھیں، انھوں نے کہا کہ جو ایک سیاست دان ہونے کے علاوہ دو بچوں کی ماں تھی، اس کے بچے اپنی ماں کی محبت سے محروم ہوگئے ہیں، آج اسے اسطرح یاد کرتے ہوئے بہت دکھ محسوس ہورہا ہے۔

جو سے محبت کرنے والوں نے اپنے غم کو الفاظ میں کچھ اسطرح بیان کیا ہے ۔

یورکشائر اپنی ایک قابل فخر لڑکی کی کمی ہمیشہ محسوس کرئے گا۔

آپ کی بہادری کا شکریہ

آپ کے عزم اور ولولے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

آج ہم نے اچھے لوگوں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔

جو کی قربانیوں کو کبھی بھولا نہیں جائے گا۔

جائے واردت سے چند قدم کے فاصلے پر واقع سینٹ پیٹر چرچ میں بھی ایک دعائیہ سروس میں جو کو یاد کیا گیا ہے،جبکہ جنوبی یارکشائر کی مقامی اتھارٹی کی عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہے۔

جو کی موت کے بعد یورپی ریفرنڈم کی انتخابی مہم معطل ہے۔حکومت نے یہ اعلان کیا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ پیر کو پارلیمنٹ میں جوکوکس کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

XS
SM
MD
LG