رسائی کے لنکس

جی سیون ممالک کی جانب سے روس کی مذمت


G7 گروپ میں شامل ممالک نے روس کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یوکرین کی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یوکرین کی صورت حال سے متعلق روس و چین کے خیالات میں ’ہم آہنگی‘ ہے جب کہ G7 گروپ میں شامل ممالک نے روس کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یوکرین کی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یوکرین کے علاقے کریمیا میں حالیہ دنوں میں روسی فورسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جنہوں نے ائیرپورٹس اور فوجی اڈوں کا گھیراؤ کر رکھا ہے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاواروف نے پیر کو اپنے چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات کی اور اُن کی جنیوا میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے بھی ملاقات طے ہے۔

جی سیون ممالک کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں روس سے کہا ہے کہ وہ اپنے تحفظات کو دور کرنے کے لیے یوکرین سے براہ راست رابطہ کرے یا پھر اقوام متحدہ یا آرگنائزیشن فار سکیورٹی اینڈ کوآپریشن ان یورپ (او ایس سی ای) کے تعاون اس کا حل تلاش کرے۔

امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان جی سیون ممالک میں شامل ہیں۔

آرگنائزیشن فار سکیورٹی اینڈ کوآپریشن ان یورپ (او ایس سی ای) نے بھی یوکرین کے مسئلے سے متعلق ایک خصوصی اجلاس بلا رکھا ہے۔

اُدھر یوکرین کی نئی حکومت کے رہنماؤں سے بات چیت کے لیے امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری پیر کو کئیف کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔

یوکرین کی حکومت نے بھی اس صورت حال کے تناظر میں اپنی فورسز کو چوکس کر دیا ہے۔
XS
SM
MD
LG