رسائی کے لنکس

روس یوکرین میں مداخلت سے باز رہے: نیٹو سربراہ


’جارحیت کی صورت میں، مشیروں اور دیگر امداد کے ساتھ، نیٹو یوکرین کی مدد کے لیے تیار ہے‘؛ اور، ’انسانی بنیادوں یا امن کار مشن کی تعیناتی کے نام پر‘، روس ’فتح کی کسی چال سے باز رہے‘

نیٹو کے سکریٹری جنرل نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ امن کار آپریشن کے نام پر

ہمسایہ یوکرین میں فوجیں نہ بھیجی جائیں۔

یوکرین کے دارلحکومت، کئیف میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے، آندرے فوغ راسموسن نے کہا کہ روس ’خطرناک راستے سے واپس چلا جائے، سرحد سے واپس جائے اور امن کاروں کے نام پر جنگ کے حربے سے دور رہے‘۔

اُنھوں نے روس پر یوکرین کے عدم استحکام کی کوششوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مشرقی یوکرین میں اُس کی روس نواز علیحدگی پسندوں کی حمایت میں، ’سطح اور حربوں کی جدت‘ کے اعتبار سے، اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔


راسموسن نے کہا کہ روس کی طرف سے ’جارحیت‘ کی صورت میں، مشیروں اور دیگر امداد کے ساتھ، نیٹو ’یوکرین کی مدد کے لیے‘ تیار ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اُنھیں اِس بات کی امید ہے کہ روس ایسا کرنے سے گریز کرے گا، کیونکہ یوکرین میں مزید مداخلت اُس کے اپنے مفاد میں نہیں۔

اِس سے قبل، جمعرات ہی کے روز، نیٹو کے سربراہ نے یوکرین کے وزیر اعظم آرسنی یاتسینوک سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کی ویب سائٹ کے مطابق، راسموسن نے اس متعلق بات چیت کی آیا یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کی حمایت میں نیٹو کے نئے فنڈز کو فوج اور سامان کی نقل و حرکت، کنٹرول اور ذرائع رسل و رسائل اور سائبر سکیورٹی کو کس طرح استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

بعدازاں، راسموسن نے صدر پیترو پوروشنکو سے ملاقات کی، جنھوں نے نیٹو کے سربراہ کو یوکرین کا اعلیٰ ترین اعزاز ’آرڈر آف لبرٹی‘ تفویض کیا۔ اِس سلسلے میں اُنھوں نے باقی باتوں کے علاوہ، اُن کی طرف سے ’یوکرین کے اقتدارِ اعلیٰ، آزادی اور یکجہتی کے دفاع میں کلیدی حمایت‘ کا ذکر کیا۔

اس سے قبل، اِسی ہفتے، نیٹو نے کہا تھا کہ حالیہ دِنوں کے دوران روس نے یوکرین کے ساتھ اپنی سرحد پر فوجوں میں ’قابلِ ذکر اضافہ‘ کیا ہے، اور یوں، فوج کی تعداد کو بڑھا کر تقریباً 20000کر دیا ہے۔

اُنھوں نے روس کو متنبہ کیا کہ انسانی بنیادوں یا امن کار مشن کی تعیناتی کے بہانے فتح کی کسی چال سے باز رہے۔

مشرقی یوکرین میں لڑائی جاری رہی۔

حکام نے بتایا ہے کہ مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسندوں کا سب سے بڑا ٹھکانا، ڈونسک شہر ہے، جہاں کے اسپتال پر کی جانے والی گولہ باری کے نتیجے میں، کم از کم ایک شخص ہلاک جب کہ دو زخمی ہوئے۔

XS
SM
MD
LG