رسائی کے لنکس

یوکرین: ہتھیار پھینکنے پر مظاہرین کے لیے ’معافی‘ کا وعدہ


وزیر داخلہ ارسن ایواکوف نے بدھ کو کہا تھا کہ یوکرین سرکاری عمارتوں کا قبضہ جمعہ تک مذاکرات یا طاقت کے استعمال سے چھڑا لیں گے۔

یوکرین کے عبوری صدر الیگزینڈر ٹرچینوف نے روس کے حامی مظاہرین سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ ملک کے مشرقی شہروں میں سرکاری عمارتوں کا قبضہ چھوڑ دیں اور ہتھیار پھینک دیں تو اُنھیں ’معافی‘ دے دی جائے گی۔

مسٹر ٹرچینوف نے جمعرات کو کہا کہ وہ اپنے وعدے کو بطور صدارتی فرمان کے جاری کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔

تاحال مظاہرین کی طرف سے اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

وزیر داخلہ ارسن ایواکوف نے بدھ کو کہا تھا کہ یوکرین میں سرکاری عمارتوں کا قبضہ جمعہ تک مذاکرات یا طاقت کے استعمال سے چھڑا لیں گے۔

روس کے حامی مسلح افراد نے ملک کے دو مشرقی شہروں لوہانسک اور ڈونسٹک میں سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ وہ ان شہروں میں بھی روس سے الحاق کے حق میں ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یوکرین کا علاقہ کرائمیا ایک ریفرنڈم کے بعد گزشتہ ماہ روس میں شامل ہو گیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ایک ترجمان وکٹوریہ نلینڈ نے ایک روز قبل کہا تھا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ مشرقی یوکرین کے شہروں میں ہنگامہ آرائی میں روس کا ہاتھ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یوکرین سے متعلق ہونے والے آئندہ مذاکرات سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔
XS
SM
MD
LG