رسائی کے لنکس

یوکرین: سکیورٹی فورسز کی کارروائی شروع، ایک افسر ہلاک


وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے "انسداد دہشت گردی" آپریشن شروع کیا ہے تاکہ مشرقی شہر کو علیحدگی پسندوں کے چنگل سے چھڑایا جا سکے۔

یوکرین کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اتوار کو مشرقی شہر سلاویانسک میں سرکاری عمارتوں پر قابض روس کے حامی مظاہرین کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک افسر ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

ارسن ایواکوف کا کہنا تھا کہ دوسرے فریق کا بھی جانی نقصان ہوا ہے لیکن اس کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

اس سے پہلے یوکرین کی خبر رساں ایجنسی نے وزیرداخلہ ارسن ایواکوف سے منسوب بیان میں شہریوں کو اپنے گھروں تک محدود رہنے کا انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ " تمام شہریوں تک یہ بات پہنچا دی جائے کہ وہ شہر کے وسط سے ہٹ جائیں، اپنے اپارٹمنٹس سے باہر نہ آئیں اور نہ ہی کھڑکیوں کے قریب جائیں۔"

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے "انسداد دہشت گردی" آپریشن شروع کیا ہے تاکہ مشرقی شہر کو علیحدگی پسندوں کے چنگل سے چھڑایا جا سکے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ "فیس بک" پر اپنے پیغام میں ایواکوف کا کہنا تھا کہ " سلاویانسک میں انسداد دہشت گردی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ۔ ۔ ملک کی تمام سکیورٹی یونٹس سے اہلکاروں کو اس کے لیے بلایا گیا ہے۔"

روس کے حامیوں نے مشرقی شہروں میں متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا جنہیں قبضہ چھوڑنے کے لیے یوکرین کی حکومت نے جمعہ تک کی مہلت دی تھی۔

یہ مظاہرین اپنے علاقوں میں روس کے الحاق کے لیے ریفرنڈم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG