رسائی کے لنکس

یوکرین: علیحدگی پسند رہنما گرفتار، ساتھیوں نے چھڑا لیا


ویلیری بولوٹوو (فائل فوٹو)
ویلیری بولوٹوو (فائل فوٹو)

حکام کے مطابق علیحدگی پسند رہنما کو گرفتار کرنے کے بعد اُن کے لگ بھگ 200 مسلح افراد سرحدی چوکی پہنچے اور مسٹر بولوٹوو کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

یوکرین کی سرحدی فورسز نے روس نواز علیحدگی پسند رہنما ویلیری بولوٹوو کو ہفتہ کے روز تحویل میں لیا لیکن اُن کے حامی مسلح افراد نے جھڑپ کے بعد اُنھیں چھڑوا لیا۔

یہ واقعہ ملک کے مشرقی علاقے خارکیف میں امن مذاکرات سے چند گھنٹے قبل پیش آیا۔

مشرقی علاقوں میں صورت حال میں بہتری کے لیے یوکرین کی حکومت نے ان مذاکرات کا آغاز کیا۔

یوکرین کے مشرقی علاقے لوہانسک کے خود ساختہ گورنر مسٹر بولوٹوو کو سرحدی چوکی پر اُس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ روس سے علاج کے بعد واپس آ رہے تھے۔ وہ گزشتہ منگل کو ایک کارروائی میں زخمی ہو گئے تھے۔

حکام کے مطابق علیحدگی پسند رہنما کو گرفتار کرنے کے بعد اُن کے لگ بھگ 200 مسلح افراد سرحدی چوکی پہنچے اور مسٹر بولوٹوو کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

لیکن سرحدی محافظوں کی مزاحمت پر لڑائی شروع ہو گئی جس میں علیحدگی پسندوں نے مشین گنز کا استعمال کیا۔

روس نواز باغیوں کی یوکرین کے مشرق میں سرگرمیوں کے باعث ملک شدید مشکلات سے دو چار ہے۔

یوکرین میں حکومت بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک میں امن کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ 25 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل علیحدگی پسندوں کو غیر مسلح کیا جا سکے۔
XS
SM
MD
LG