رسائی کے لنکس

’میں عمیمہ کے ساتھ ایک اور پروجیکٹ کرنے والا ہوں۔ عمیمہ بہت پروفیشنل ہیں اور مستقبل کی بڑی اسٹار بننے کی تمام صلاحیتیں ان میں موجود ہیں‘

چودہ سال کی عمر سے ’گلیمر ورلڈ‘ میں قدم رکھنے والی، عمیمہ ملک نے بہت کم عرصے میں اپنے ٹیلنٹ، خوبصورتی اور اسٹائل کے بل پر ماڈلنگ اور فلم کی دنیا میں اپنا سکہ جمایا ہے۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ عمیمہ کی شکل میں وہ مستقبل کی ایک بڑی ’اسٹار‘ کو ابھرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔

عمیمہ اِن دنوں بھارتی ڈائریکٹر کنال دیش مکھ کی فلم ’شاطر‘ میں کام رہی ہیں ۔اس فلم کے ہیرو ہیں، عمران ہاشمی۔ عمیمہ شوٹنگ کی غرض بھارت میں مقیم ہیں۔ لیکن، کسی نے یہ خبر اڑا دی ہے کہ انہیں فلم کی کاسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ تاہم، پبلک ریلیشنز سے متعلق ایک پاکستانی فرم نے ’انسا ئیکلومیڈیا پی آر‘ نے ’وی او اے‘ کو بتایا ’عمیمہ ’شاطر ‘ کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ بالی وڈ میں عمران ہاشمی کی ہیروئن کے طور پر کام کرنے کے لئے کچھ ہیروئنز میں مقابلہ ہمیشہ بہت سخت ہوتا ہے۔ ایسے میں، اس طرح کی افواہوں کا گردش کرنا کچھ عجیب بات نہیں۔‘

کنال دیش مکھ ان خبروں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’پتہ نہیں کون لوگ ہیں جو اس طرح کی بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔ یہ سب جھوٹی باتیں ہیں۔ میں تو عمیمہ کے ساتھ ایک اور پروجیکٹ کرنے والا ہوں۔ عمیمہ بہت پروفیشنل ہیں اور مستقبل کی بڑی اسٹار بننے کی تمام صلاحیتیں ان میں موجود ہیں۔‘

پاکستا ن کی سب سے زیادہ معاوضہ پانے والی ماڈل اور اداکارہ عمیمہ ملک سے جب اس بار ے میں بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں افواہوں پر کان نہیں دھرتی۔ لیکن، جب یہ سنا تو میں ہنسے بغیر رہ نہ سکی۔ کنال، عمران ہاشمی اور یو ٹی وی کی پوری ٹیم ایک فیملی کی طرح مجھے ’ٹریٹ کرتے‘ اور میرا خیال رکھتے ہیں۔ ان سب کے ساتھ کام کرکے بڑا مزہ آرہا ہے۔‘

’شاطر‘ ابھی پروڈوکشن کے مراحل میں ہے، اس لئے ریلیز کی تاریخوں کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

عمیمہ پاکستانی فلم ’بول‘ میں بہترین کام کے عوض پانچ انٹرنیشنل ایوارڈز جیت چکی ہیں۔
XS
SM
MD
LG