رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کا دن: عظیم عمارتیں نیلی روشنی میں نہا گئیں


ہفتے کی شب اوپیرا ہاوس سے اہرام مصر اور دیوار چین سمیت دنیا کی یادگار عمارتوں کو ایک بار پھر سے نیلی روشنیوں میں نہا دیا جائے گا

دنیا بھر میں آج اقوام متحدہ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سالگرہ کےعالمی جشن کے موقع پر دنیا بھرکی عظیم عمارتوں اور یادگاروں کو نیلی روشنیوں میں نہا دیا گیا ہے۔

آج ہی کے دن یعنی 24اکتوبر کو دنیا کے ممالک کی نمائندہ تنظیم اقوام متحدہ معرض وجود میں آئی تھی۔

اقوام متحدہ کا یہ جشن جمعہ 23اکتوبرکی شب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے شروع ہوا جہاں سڈنی کا اوپیرا ہاوس پہلی عمارت تھی جسے نیلا روش کیا گیا۔ اس کے بعد عالمی جشن میں حصہ لینے والے دیگر ممالک اور براعظموں کی شاندار عمارتوں کو اقوام متحدہ کے سرکاری رنگ میں رنگ دیا گیا۔

اقوام متحدہ کے 70ویں سالگرہ کےجشن کے موقع پر نیوزی لینڈ سے آذر بائیجان ،انڈونیشیا سے عراق اور سعودی عرب اور برطانیہ سے لے کر کینیڈا اور امریکہ سمیت دنیا کے 75ممالک کی 300 سے زائد یادگاروں، عظیم عمارتوں ، میوزیم ، پلوں اور دیگر مشہور مقامات کو نیلی روشنیوں سے روشن کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون نے اس موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ''اقوام متحدہ کے منشور کی اقدار کو ہماری گائیڈ رہنا چاہیئے اور ہمیں چاہیئے کہ ہم لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے متحد رہیں ''۔

انھوں نے مزید کہا کہ ''اقوام متحدہ کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں یادگاروں اور عمارتوں کو تنظیم کے رنگ میں روشن کیا جارہا ہے اور جیسا کہ ہم اس سنگ میل کی سالگرہ کےموقع پر روشنیاں کر رہے ہیں اسی کے ساتھ ہمیں ایک بار پھر سے ہم سب کے بہتر اور روشن سےمستقبل کے لیے اپنی وابستگی کی توثیق کرنی ہو گی ''۔

اقوام متحدہ کے عالمی دن کے جشن کا حصہ بننے والی یادگاریں اور عظیم عمارات' ٹرن دا ورلڈ یو این بلیو ' نامی مہم میں شامل ہیں۔

جس کے تحت مصرکے عظیم اہرام مصر، برازیل میں ریو ڈی جینیرو کا ماراکانا اسٹیڈیم، عظیم دیوار چین، اٹلی میں پیسا ٹاور ،پیرس میں ایفل ٹاور ، برطانیہ میں ویسٹ منسٹر ہال اور نیویارک میں ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ سمیت اردن کا قدیم شہر پیٹرا کو روشن کیا گیا ہے۔

ہفتے کی شب اوپیرا ہاوس سے اہرام مصر اور دیوار چین سمیت دنیا کی یادگار عمارتوں کو ایک بار پھر سے نیلی روشنیوں میں نہا دیا جائے گا۔

نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے صدر دفتر کو دو راتوں کے لیے روشن کیا جائے گا جس کا آغاز جمعہ کی شب اقوام متحدہ کے سالانہ کنسرٹ سے کیا گیا اور اس کا اختتام 24اکتوبر کو ہوگا جسے 1948 کے بعد سے اقوام متحدہ کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔

یہ اقوام متحدہ کے منشور کی طاقت کا دن ہے۔ اس روز رکن ممالک کی اکثریت کی طرف سے منشور کی توثیق کےساتھ دستخط کئےگئے جس میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے دستخط بھی شامل ہیں اور اس روز تنظیم باضابطہ وجود میں آگئی۔

اقوام متحدہ کے ستر سالہ جشن کے یادگار موقع پر تنظیم کی طرف سے 'اسٹرونگ یو این بیٹر ورلڈ' کے عنوان کے تحت مختلف طرح کی سرگرمیوں اور تقریبات کا سلسلہ پورے سال جاری رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG